May ۰۹, ۲۰۱۸ ۱۰:۲۷ Asia/Tehran
  • کشمیر میں ریل اور موبائل انٹرنیٹ خدمات بحال

ہندوستان کے زیر انتظام کشمیر میں تین دنوں تک معطل رہنے والی ریل خدمات آج بدھ کی صبح بحال کردی گئیں۔ ریل خدمات کے علاوہ وسطی کشمیر کے اضلاع میں موبائیل انٹرنیٹ خدمات بحال کی گئی ہیں، تاہم جنوبی کشمیر کے بیشتر حصوں میں یہ خدمات بدستور منقطع رکھی گئی ہیں۔

ہندوستان کے زیر انتظام کشمیر میں 8 عسکریت پسندوں اور 7 احتجاجی نوجوانوں کی حالیہ ہلاکتوں کے خلاف اتوار سے منگل تک مسلسل تین دنوں تک ہڑتال کی گئی۔ ہڑتال کے دوران انتظامیہ نے جہاں سری نگر کے سات پولیس تھانوں کے تحت آنے والے علاقوں میں کرفیو جیسی پابندیاں نافذ کر رکھیں، وہیں مختلف خدمات بشمول ریل و موبایل انٹرنیٹ کو بھی بند رکھا گیا۔

تاہم کشمیر کی حریت قیادت سید علی گیلانی، میرواعظ مولوی عمر فاروق اور محمد یاسین ملک کی جانب سےآج بدھ کے روز سے روز مرہ زندگی کی سرگرمیاں بحال کرنے کے اعلان کے ساتھ ہی انتظامیہ نے معطل شدہ خدمات بحال کرنا شروع کردیا۔

مشترکہ مزاحمتی قیادت بشمول سید علی گیلانی،میرواعظ عمر فاروق اور محمد یاسین ملک نے بدھ سے روزمرہ کے معمولات زندگی بحال کرنے کی اپیل کرتے ہوئے معاشرے کے تمام طبقوں،ملازمین، وکلاء، اساتذہ، تاجر برداری ،ٹرانسپوٹروں پر زور دیا کہ وہ بطور احتجاج سیاہ جھنڈے اور سیاہ پٹیاں لگا کر اپنے دکھی جذبات اور احساسات اور تحریک مزاحمت کے ساتھ اپنی بھر پور وابستگی کا مظاہرہ کریں۔

قائدین نے کہا کہ موجودہ ہلاکتوں کے ضمن میں زندگی کے مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے لوگوں سے مشاورت کے بعد لائحہ عمل بنایا جائے گا ۔

ٹیگس