پاک و ہند تعلقات معمول پرلانے کی تاکید
ہندوستان کے وزیر داخلہ نے کہا ہے کہ ہندوستان اور پاکستان کے درمیان تعلقات ایک حساس مسئلہ ہے۔
ہندوستان کے وزیر داخلہ راج ناتھ سنگھ نے پریس کانفرنس میں دعوی کیا کہ ہندوستان یقینی طور پر تعلقات کو معمول پرلانا چاہتا ہے لیکن اس کے لئے سب سے پہلے پڑوسی ملک کو دہشت گردوں کی حمایت سے گریز کرنا ہو گا ۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کو اپنے ملک میں بھی دہشت گردی پر کنٹرول کرنا ہوگا اگر وہ اس سلسلے میں ہندوستان کا تعاون چاہتا ہے تواسے بھی بحسن وخوبی انجام دیا جاسکتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستانی سرحد سے متصل علاقوں میں رہنے والے لوگ عام شہری نہیں ہیں۔ وہ اسٹریٹیجک نکتہ نظرسے بہت اہم ہیں اور انہیں اپنی حفاظت کے لئے 1400 نئے بنکر بنانے کا حکم دیا گیا ہے۔
راج ناتھ سنگھ نے دعوی کیا کہ ملک میں مرکز کی موجودہ حکومت کے چار برس کے دوران گرداس پور اور پٹھان کوٹ حملہ کے علاوہ کوئی بڑا دہشت گردانہ حملہ نہیں ہوا ۔
دوسری جانب ہندوستان کے زیر انتظام کشمیر کی نیشنل کانفرنس کے صدر ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے کہا ہے کہ حالات دن بہ دن بگڑتے جا رہے ہیں اور ہر سطح پر خوف ودہشت کا ماحول ہے، لوگوں کی جاں و مال کا تحفظ کرنے میں موجودہ حکومت ناکام ہوچکی ہے ۔
ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے کہا کہ نیشنل کانفرنس روز اول سے ہی مسئلہ کشمیر کا حل افہام و تفہیم اور خلوص نیت کے ساتھ حل کرنے کی وکالت کرتے آئے ہیں اور ہماری جماعت ہندوستان اور پاکستان کی مضبوط دوستی کی حامی اور علم بردار رہی ہے۔