کشمیر میں جھڑپ 2 ہلاک
ہندوستان کے زیر انتظام کشمیر میں فورسز اور مسلح افراد کے مابین ہونے والی جھڑپ میں 2 افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہو گئے۔
ہندوستان کے زیر انتظام جنوبی کشمیر کے چڈر کولگام میں فوج اور عسکریت پسندوں کے درمیان اُس وقت مسلح تصادم شروع ہوا جب فوج، سی آر پی ایف اور ایس او جی نے چاڈر نامی علاقہ کا محاصرہ عمل میں لاتے ہوئے گھر گھر تلاشی کارروائی کا آغاز کیا۔
فورسز نے تمام راستوں پر سخت پہرے بٹھاتے ہوئے کسی بھی شخص کو علاقہ کے اندر یا باہر جانے کی اجازت نہیں دی۔ اس دوران سیکورٹی فورسز نے عسکریت پسندوں کو ڈھونڈ نکالنے کے لیے تلاشی کارروائی کا آغاز کیا۔اس دوران طرفین کے درمیان گولیوں کا شدید تبادلہ ہوا اور کافی تعداد میں مقامی لوگ بھی جائے جھڑپ کے نزدیک پہنچے اور پتھراو کیا۔ فورسز نے مظاہرین اور عسکریت پسندوں کیخلاف دو طرفہ کارروائی جاری رکھی اور گولیوں کے تبادلے کے دوران مکان میں چھپے بیٹھے 2 عسکریت پسندوں کو ہلاک جبکہ اس دوران ایک عسکریت پسند کوگرفتار کرلیا گیا۔
اس دوران جھڑپ کے بیچ چڈر اور ملحقہ بستیوں سے نوجوانوں کی مختلف ٹولیوں نے سیکورٹی فورسز کی کارروائی کے خلاف مظاہرہ کیا، احتجاجی مظاہرین کو منتشر کرنے کی خاطر سیکورٹی فورسز نے آنسو گیس کے درجنوں گولے داغنے کے علاوہ مظاہرین پر فائرنگ کی جس کے نتیجے میں 2درجن سے زائد مظاہرین زخمی ہوئے۔