کشمیرمیں جھڑپیں، 6 عسکریت پسند اور1 سکیورٹی اہلکارہلاک
ہندوستان کے زیر انتظام کشمیر میں ہونے والی جھڑپوں میں مزید 6 عسکریت پسند اور1 سکیورٹی اہلکار ہلاک ہوگئے۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق ہندوستانی فورسز نے بارہمولہ کے علاقے میں سرچ آپریشن کے دوران محاصرہ کیا اور نوجوانوں پر اندھا دھند گولیاں برسائیں جس کے نتیجے میں 2 کشمیری موقع پر ہی ہلاک ہوگئے جبکہ ضلع اسلام آباد کے علاقے اروانی میں ایک اور کارروائی میں 4 کشمیری ہلاک ہو گئے۔ اس دوران دونوں مقامات پر مظاہرین اور فورسز میں جھڑپیں ہوئیں جن کے دوران کئی افراد زخمی ہوئے۔ اس دوران انتظامیہ نے کسی بھی امکانی گڑ بڑ سے نمٹنے کے لئے ضلع بارہمولہ کے حدود میں موبائل انٹرنیٹ سروس کو معطل کردیا ۔
دوسری جانب ترال کے ایک مضافاتی علاقہ میں کل شام عسکریت پسندوں نے فوجی کیمپ پر اچانک حملہ کیا جس کے نتیجے میں ایک فوجی ہلاک اور ایک شدید زخمی ہوا۔ ترال میں ہی بدھ کی رات بٹہ گنڈ علاقے میں ایک اور فورسز کیمپ پر حملہ کیا گیا تھا۔ فوج نے واقعہ کے فوراً بعد علاقے کو محاصرے میں لے کر حملہ آوروں کی تلاش بڑے پیمانے شروع کر دی ہے۔
واضح رہے کہ گزشتہ ایک ہفتے کے دوران ہندوستان کے زیر انتظام کشمیر میں فورسز کی فائرنگ سے کم از کم 20 کشمیری ہلاک ہوچکے ہیں۔