کشمیر میں مسلح تصادم دو مقامی عسکریت پسند ہلاک
Nov ۱۸, ۲۰۱۸ ۰۹:۰۳ Asia/Tehran
ہندوستان کے زیر انتظام کشمیر میں حالات کشیدہ ہو گئے ہیں۔
ہندوستان کے زیر انتظام جنوبی کشمیر کے ضلع شوپیان کے زینہ پورہ میں آج اتوار کی صبح سیکورٹی فورسز اور عسکریت پسندوں کے درمیان ہونے والے ایک مسلح تصادم میں دو مقامی عسکریت پسند مارے گئے۔ انتظامیہ نے مسلح تصادم میں دو مقامی عسکریت پسندوں کی ہلاکت کے پیش نظر ضلع شوپیان میں موبائل انٹرنیٹ خدمات منقطع کرادی ہیں۔
پولیس کا کہنا ہے کہ تصادم کے مقام سے اسلحہ و گولہ بارود کے علاوہ دیگر ممنوعہ مواد بھی برآمد کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ آپریشن کے دوران سیکورٹی فورسز کا کوئی نقصان نہیں ہوا۔ دوسری جانب عسکریت پسندوں کی ہلاکت کے خلاف لوگ احتجاج کرتے ہوئے سڑکوں پر نکل آئے اور حکومت کے خلاف نعرے لگائے۔ موصولہ رپورٹوں کے مطابق حالات کشیدہ ہیں اور سکیورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے ہیں۔