یوم جمہوریہ کے موقع پر ہندوستانی صدر کا قوم سے خطاب
ہندوستان کے صدر رام ناتھ کووند نے ہندوستان کے یوم جمہوریہ کے موقع پر قوم سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ ملک کے وسائل پر ملک کے ہر شہری کا حق ہے خواہ وہ کسی بھی طبقے یا مذہب سے تعلق رکھتا ہو۔
ہندوستان کے صدر رام ناتھ کووند نے یوم جمہوریہ کے موقع پر ہندوستان کی عوام سے خطاب کیا۔انہوں نے اپنے ہم وطنوں سے اکیسویں صدی کو ہندوستان کی صدی بنانے کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ اس کے لئے مقاصد اور کامیابیوں کے نئے معیار طے کئے جانے کی ضرورت ہے اور ساتھ ہی ایسا معاشرہ وجود میں لانا ہو گا جس میں ہر شخص کی ترقی کے لئے تمام طرح کی مراعات اور وسائل حاصل ہوں-
ان کا کہنا تھا کہ اس وقت ہندوستان ایک اہم مقام پر ہے اور آج کے فیصلے اور کاوشوں سے اکیسویں صدی کے ہندوستان کے خد و خال طے ہوں گے۔
صدر ہندوستان کا کہنا تھا کہ باہمی اتحاد اوراپنی کوششوں کی بدولت اس صدی کو ہندوستان کی صدی بنانے کا موقع ہم سب کے سامنے ہے-
انہوں نے کہا کہ آج ہندوستان کی جمہوریت اور رواداری دنیا کے لئے ایک مثال ہے اور ہمیں اپنے جمہوری حق کو استعمال کرنے سے ذرہ برابر بھی گریز نہیں کرنا چاہئے-