Feb ۰۱, ۲۰۱۹ ۰۹:۲۵ Asia/Tehran
  • کشمیر میں مسلح تصادم، دو ہلاک

ہندوستان کے زیر انتظام کشمیر کے ضلع پلوامہ میں جمعرات اور جمعہ کی درمیانی رات کے دوران ہونے والے ایک مسلح تصادم میں دو عسکریت پسند مارے گئے۔

سرکاری ذرائع کے مطابق پلوامہ کے دربگام میں عسکریت پسندوں کی موجودگی سے متعلق خفیہ اطلاع ملنے پر فوج اور ریاستی پولیس کے ایس او جی نے گزشتہ رات مذکورہ علاقہ میں کارڈن اینڈ سرچ آپریشن شروع کیا اور وہاں موجود عسکریت پسندوں اور سیکورٹی فورسز کے مابین فائرنگ کا تبادلہ ہوا جس میں دو عسکریت پسند مارے گئے۔

ریاستی پولیس نے مسلح تصادم میں دو عسکریت پسندوں کی ہلاکت کی تصدیق کردی ہے۔

دریں اثنا انتظامیہ نے احتیاطی طور پر ضلع پلوامہ میں موبائیل انٹرنیٹ خدمات منقطع کرادی ہیں۔ اس کے علاوہ احتجاجی مظاہروں کو روکنے کے لئے سیکورٹی فورسز کی اضافی نفری تعینات کی گئی ہے ۔

دوسری جانب حریت کانفرنس کے رہنماوں سید علی گیلانی، میرواعظ مولوی عمر فاروق اور محمد یاسین ملک پر مشتمل مشترکہ مزاحمتی قیادت نے 3 فروری کو ہندوستان کے وزیراعظم نریندر مودی کے دورہ کشمیر کے موقع پر کشمیر میں مکمل ہڑتال کی کال دی ہے۔

ٹیگس