Feb ۱۲, ۲۰۱۹ ۰۹:۰۰ Asia/Tehran
  • دہلی کے ہوٹل میں لگی آگ، 17 ہلاک

قرول باغ کے ایک ہوٹل میں بھیانک آگ سے اب تک 17 افراد ہلاک ہو گئے جبکہ چوتھی منزل سے کودنے سے کئی لوگ زخمی ہوئے ہیں۔

ہندوستان کے دارالحکومت دہلی کے قرول باغ علاقہ کے ایک ہوٹل ارپت پیلیس میں آج منگل کی صبح آگ لگ جانے سے 17 افراد ہلاک اور کئی دیگر جھلس گئے جبکہ 25لوگوں کو بحفاظت نکال لیا گیا۔

فائر بریگیڈ محکمہ کے نائب سربراہ سنیل چودھری نے بتایا کہ ارپت ہوٹل سے اب تک 17لوگوں کی لاشیں نکالی گئی ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ مرنے والوں میں ایک خاتون اور بچہ بھی شامل ہے۔ آگ پر قابو پالیا گیا ہے لیکن بچاو مہم جاری ہے۔ انہوں نے کہا کہ آگ لگنے کے اسباب کا فی الحال پتہ نہیں چل سکا ہے۔

ذرائع نے بتایا کہ آگ لگ جانے کے بعد کئی لوگوں نے ہوٹل کی کھڑکیوں سے چھلانگ لگاکر جان بچانے کی کوشش کی جس کی وجہ سے کئی لوگ زخمی ہوگئے۔ ہوٹل کے اندر اب بھی متعدد لوگوں کے پھنسے ہونے کی خبر ہے جس سےمرنے والوں کی تعداد میں اضافہ ہوسکتا ہے۔

٭٭آخری موصولہ اطلاعات کے مطابق  پولیس کے مطابق نئی دہلی کے گنجان آبادی والے علاقے کرول باغ میں قائم مقامی ہوٹل میں رات دیر گئے لگنے والی اس آگ پر قابو پالیا گیا ہے۔دہلی کے فائر بریگیڈ کے ڈائریکٹر جی سی مسرا کا کہنا ہے ریسکیو آپریریشن کے دوران پچاس افراد کو بحفاظت باہر نکال لیا گیا۔ابتدائی طور پر شارٹ سرکٹ کو حادثے کی وجہ قرار دیا گیا ہے تاہم  حکام کا کہنا ہے کہ وہ آگ لگنے کی وجوہات جاننے کے لیے تحقیقات کر رہے ہیں۔

 

ٹیگس