پلوامہ میں فورسز اور مسلح افراد کے مابین تصادم
ہندوستان کے زیر انتظام کشمیر کے جنوبی ضلع پلوامہ میں مسلح تصادم کے دوران کالعدم تنظیم لشکر طیبہ کے چار مسلح افراد مارے گئے ہیں۔
ہندوستان کی سرکاری خبر رساں ایجنسی یو این آئی نے فوجی ذرائع کے حوالے سے خبر دی ہے کہ پلوامہ کے لاسی پورہ علاقے میں مسلح افراد کی موجودگی سے متعلق خفیہ اطلاعات ملنے پر فوج کی چوالیس راشٹریہ رائفلز، جموں کشمیر پولیس کے اسپیشل آپریشن گروپ اور سی آر پی ایف نے مذکورہ علاقے کو اتوار اور پیر کی درمیانی رات اپنے محاصرے میں لے لیا اور وہاں سرچ آپریشن شروع کر دیا-
ہندوستانی فوجی ذرائع کا دعوی ہے کہ مشتبہ مقامات کی جانب پیشقدمی کے دوران وہاں موجود مسلح افراد نے فورسز پر فائرنگ کر دی- جوابی فائرنگ کے بعد طرفین کے مابین تصادم ہوا جس میں لشکر طیبہ کے چار مسلح افراد مارے گئے-
ہندوستانی فوج نے دعوی کیا ہے کہ انکاؤنٹر کے مقام سے چار جنگجوؤں کی لاشیں اور ہتھیار برآمد ہوئے ہیں- اس درمیان مقامی انتظامیہ نے ضلع پلوامہ میں موبائل انٹرنیٹ سروس بند کر دی-