May ۱۲, ۲۰۱۹ ۰۹:۱۲ Asia/Tehran
  • لوک سبھا انتخابات کے چھٹے مرحلے کیلئے ووٹنگ جاری

ہندوستان کے ایوان زیریں لوک سبھا انتخابات کے چھٹے مرحلے میں سات ریاستوں کی 59 سیٹوں پر ووٹنگ کا عمل جاری ہے۔

لوک سبھا انتخابات کے چھٹے مرحلے میں سات ریاستوں میں 59 نشستوں کے لئےآج اتوار کو ووٹ ڈالے جارہے ہیں اور اس کے لئے سخت حفاظتی انتظامات کئے گئے ہیں۔ تاہم چھٹے مرحلے کی ووٹنگ سے پہلے بنگال میں تشدد کے واقعہ میں بی جے پی کے دو کارکنوں پر حملہ کیا گیا جس کے نتیجے میں ایک کی موت ہو گئی اور دوسرا شدید زخمی ہوا ہے۔

بی جے پی کا الزام ہے کہ اس کے کارکنوں پر ٹی ایم سی کے لوگوں نے کلہاڑی سے حملہ کیا ۔ جبکہ ٹی ایم سی نے ان الزامات کو مسترد کیا ہے۔

لوک سبھا انتخابات کے چھٹے مرحلے میں سات ریاستوں میں 59 نشستوں کے لئے ووٹنگ کا عمل آج صبح 7 بجے شروع ہوا جو شام 6 بجے تک جاری رہے گا ۔ اس مرحلے میں اتر پردیش کی 14، ہریانہ کی تمام 10، بہار، مدھیہ پردیش اور مغربی بنگال کی آٹھ آٹھ، دہلی کی تمام سات اور جھارکھنڈ کی چار نشستوں کے لئے ووٹنگ ہونی ہے۔ اس کے لئے کل ایک لاکھ 13 ہزار 167 پولنگ بوتھ بنائے گئے ہیں جن پر 10،17،82،472 ووٹر اپنے حق رائے دہی استعمال کر سکیں گے۔ ان میں 5،42،60،965 مرد، 4،75،18،226 خواتین اور 3،281 خواجہ سرا ووٹرز ہیں ۔

اس مرحلے میں بھی اس ملک کے وزیراعظم نریندر مودی، بھارتیہ جنتا پارٹی کے صدر امت شاہ، کانگریس کے صدر راہل گاندھی اور پارٹی کی جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی نے اپنی اپنی پارٹی کے امیدواروں کے لئے تشہیری مہم چلائی ۔

ٹیگس