Jul ۲۸, ۲۰۱۹ ۰۹:۵۲ Asia/Tehran
  • کانگریس کے سینئر لیڈراور سابق مرکزی وزیر جئے پال ریڈی کا انتقال

کانگریس پارٹی کے صدر راہل گاندھی نے پارٹی کے سینئر لیڈر اور سابق مرکزی وزیر ایس جے پال ریڈی کی موت پر دکھ کا اظہار کیا ہے۔

ہندوستان کے سابق مرکزی وزیر و کانگریس کے سینئر لیڈر جئے پال ریڈی علاج کے دوران اتوار کی شب حیدرآباد کے ایک اسپتال میں چل بسے۔ ان کی عمر77برس تھی۔ پسماندگان میں اہلیہ کے علاوہ دو بیٹے اور ایک بیٹی شامل ہیں۔ ریڈی کو شدید بخار پر20جولائی کو ایشین انسٹی ٹیوٹ آف گیسٹروانٹرولوجی میں داخل کروایا گیا تھا جہاں علاج کے دوران وہ چل بسے۔ ایس جئے پال ریڈی کی پیدائش 16جنوری 1942کو تلنگانہ کے ضلع نلگنڈہ کے چندورمنڈل کے نرمیٹا گاوں میں ہوئی تھی تاہم ان کا اصل تعلق محبوب نگر ضلع کے مادُگلا سے ہے۔

جئے پال ریڈی 1969 سے سال 1984 کے درمیان چار مرتبہ اسملبی کے لئے منتخب ہوئے ۔ انہوں نے ایمرجنسی کے دوران کانگریس پارٹی چھوڑ دی اور جنتا پارٹی میں شامل ہوگئے تاہم بعد میں پھر انہوں نے کانگریس کا رخ کیا ۔

جئے پال ریڈی نے 1985 سے سال 1988 تک جنتا پارٹی کے جنرل سکریٹری کے طور پر کام کیا ۔ سال 1984 میں محبوب نگر کے ممبر پارلیمنٹ کے طور پر کامیاب ہوئے ۔ سال 1999 اور سال 2004 میں انہوں نے مریال گوڈا لوک سبھا سیٹ جیت لی ۔

جئے پال ریڈی 1990 اور سال 1996 میں دو مرتبہ راجیہ سبھا کے رکن بھی بنے ۔ اس کے ساتھ ہی انہوں نے سال 1991-1992 تک راجیہ سبھا میں اپوزیشن لیڈر کے طور پر بھی کیا ۔ سال 1998 میں جئے پال ریڈی نے اس وقت کے وزیر اعظم آئی کے گجرات کی کابینہ میں اطلاعات و مواصلات کے وزیر کے طور پر کام کیا ۔

انہوں نے 2009 میں یو پی اے حکومت کی دوسری مدت میں بھی پٹرول اور قدرتی گیس کے وزیر کے طور پر کام کیا ۔

ٹیگس