ہندوستان: سابق کرکٹر اظہرالدین تلنگانہ حکومت میں شامل، وزیر کی حیثیت سے گورنر نے حلف دلایا
اطلاعات کے مطابق ٹیم انڈیا کے سابق کپتان محمد اظہرالدین کو تلنگانہ کی ریاستی حکومت میں شامل کرلیا گیا ہے۔ تلنگانہ کے گورنر نے حیدرآباد میں ان کو حلف دلایا۔
سحرنیوز/ہندوستان: میڈیا رپورٹوں کے مطابق کانگریس رہنما اور سابق ہندوستانی کرکٹ کپتان محمد اظہر الدین کو تلنگانہ حکومت میں شامل کرلیا گیا۔ ریاست کے گورنر جشنو دیو ورما نے جمعہ (31اکتوبرکو) گورنر ہاؤس، حیدرآباد میں اظہرالدین کو وزیر کی حیثیت سے حلف دلایا۔
حلف برداری تقریب میں تلنگانہ کے وزیر اعلیٰ اے ریونت ریڈی اور کئی دیگر وزرا نے شرکت کی۔ اظہرالدین کو گورنر کے کوٹے کے تحت قانون ساز کونسل کا رکن نامزد کیا گیا، جس سے ریاستی کابینہ میں ان کی شمولیت کی راہ ہموار ہوئی۔
محمد اظہرالدین کی شمولیت سے تلنگانہ ریاستی کابینہ کے ارکان کی کل تعداد 16 ہو گئی ہے اور تلنگانہ حکومت میں وہ واحد مسلم وزیر ہیں۔
حیدرآباد میں 8 فروری 1963 کو پیدا ہوئے، اظہر الدین نے اپنے ماموں زین العاب الدین سے متاثر ہو کر کرکٹ کو اپنایا اور 1984 میں بین الاقوامی کرکٹ میں قدم رکھا۔
کرکٹ کے 16 سالہ کیریئر کے دوران، اظہر الدین نے ہندوستان کے لیے 99 ٹیسٹ اور 334 ایک روزہ بین الاقوامی میچ کھیلے۔ وہ اپنے وقت کے سب سے اسٹائلش بلے بازوں میں سے ایک تھے اور اپنی فیلڈنگ کے لیے بھی جانے جاتے تھے۔ اظہرالدین کرکٹ تاریخ کے واحد بلے باز ہیں جنہوں نے اپنے پہلے مسلسل 3 میچوں میں سینچری بنائی۔ محمد اظہرالدین نے 1989 میں ہندوستانی ٹیم کی کپتانی بھی کی۔
کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کے بعد اظہرالدین سیاست میں داخل ہوئے اور 2009 میں کانگریس پارٹی میں شمولیت اختیار کی۔ اسی سال، وہ اتر پردیش کے مرادآباد حلقے سے پارلیمنٹ کے لیے منتخب ہوئے۔
اظہرالدین نے وزیر کی حثیت سے حلف لینے کے بعد کہا کہ "میں وزیر بننے کا موقع ملنے پر بہت خوش ہوں۔ مجھے یہ موقع دینے کے لئے کانگریس قیادت اور وزیر اعلیٰ کا شکر گزار ہوں۔