Nov ۰۱, ۲۰۲۵ ۱۵:۰۳ Asia/Tehran
  • ملک میں نا امنی، تشدد اور تمام خرابیوں کی ذمہ دار آر ایس ایس پر پابندی لگائی جائے: کانگریس صدر

ہندوستان کی اپوزیشن جماعت کانگریس کے صدر ملکا ارجن کھرگے نے آر ایس ایس پر پابندی عائد کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے ملک میں تمام نظم و نسق کےمسائل کا ذمہ دار آر ایس ایس کو ٹھہرایا۔

سحرنیوز/ہندوستان:   انڈین نیشنل کانگریس کے صدر ملکا ارجن کھرگے نے جمعرات کو کہا کہ راشٹریہ سوائم سیوک سنگھ آر ایس ایس پر پابندی عائد ہونی چاہیے۔ انہوں نے سردار ولبھ بھائی پٹیل کے انیس سو اڑتالیس کے خط کا حوالہ دیتے ہوئے کہا جس میں اس تنظیم پر مہاتما گاندھی کے قتل کی سازش کے لیے موافق ماحول پیدا کرنے کا الزام عائد کیا گیا تھا۔ انہوں نے زور دے کر کہا کہ اگر وزیر اعظم واقعی سردار پٹیل کے نظریات کا احترام کرتے ہیں تو ان پر عمل کریں۔ 

جب ان سے پوچھا گیا کہ کیا وہ آر ایس ایس پر نئی پابندی کی حمایت کرتے ہیں، کھرگے نے کہا، یہ میرے ذاتی خیالات ہیں، اور میں کھلم کھلا کہتا ہوں کہ آرایس ایس پر پابندی ہونی چاہیے۔ انھوں نے دعوی کیا کہ ملک میں ہونے والی تمام خرابیوں اور یہاں کے تمام آئین و قانون کے مسائل بی جے پی اور آرایس ایس کی وجہ سے ہیں۔

انڈین نیشنل کانگریس کے صدر ملکا ارجن کھرگے

واضح رہے کہ گاندھی کےقتل کے بعد انیس سو اڑتالیس میں آر ایس ایس پر پابندی عائد کی گئی تھی، اس وقت کے نائب وزیر اعظم اور وزیر داخلہ پٹیل نے لکھا تھا کہ تنظیم کی سرگرمیوں نے تشدد کے لیے موافق ماحول پیدا کیا تھا جبکہ انیس سو انچاس میں آر ایس ایس سے یہ پابندی اس وقت اٹھا لی گئی جب آر ایس ایس نے تنظیمی سطح پر ایک تحریری ضوابط اپنانے اور اپنے دائرہ عمل کو ثقافتی سرگرمیوں تک محدود کرنے پر رضامندی ظاہر کی۔

 

ٹیگس