کشمیر میں ہڑتال کے ڈھائی ماہ مکمل، تاریخی جامع مسجد کے محراب و منبر خاموش
کشمیر میں غیر اعلانیہ ہڑتال کے ڈھائی ماہ مکمل ہوئے اور تاریخی جامع مسجد کے محراب ومنبر مسلسل خاموش ہے۔
ہندوستان کے زیر انتظام کشمیر میں جہاں جمعہ کے روز غیر اعلانیہ ہڑتال کے ڈھائی ماہ پورے ہوئے تو وہیں پائین شہر کے نوہٹہ میں واقع 6 سو سالہ قدیم اور وادی کی سب سے بڑی عبادت گاہ کی حیثیت رکھنے والی تاریخی جامع مسجد کے منبر ومحراب مسلسل ڈھائی ماہ سے خاموش ہیں جس کے باعث ہزاروں فرزندان توحید نماز جمعہ کی ادائیگی اور خطبہ جمعہ کے فیض سے محروم ہورہے ہیں۔
ادھر جمعہ کے روز حکام نے پائین شہر کے بعض علاقوں بشمول نوہٹہ میں تازہ پابندیاں عائد کی تھیں اور لوگوں کی تاریخی جامع مسجد کی طرف آزادانہ نقل وحمل پر قدغن لگائی تھی۔
واضح رہے کہ ہندوستان کے زیرانتظام کشمیر میں 5 اگست کو دفعہ 370 اور دفعہ 35 اے کی منسوخی اور ریاست کی تقسیم کے خلاف شروع ہوئی ہڑتال کو ڈھائی ماہ ہو گئے اور وادی بھر میں پبلک ٹرانسپورٹ کی آمدورفت معطل ہے، دکانیں اور تجارتی مراکز بند ہیں ۔ اورجاری نامساعد اور غیر یقینی صورتحال کے باعث جہاں شعبہ تعلیم سب سے زیادہ متاثر ہوا ہے وہیں اسکولوں اوریونیورسٹیوں کے طلباء سب سے زیادہ پریشان اور فکرمند ہیں کیونکہ امتحانات قریب آرہے ہیں اور مقررہ نصاب کا نصف حصہ بھی مکمل نہیں ہوا ہے۔ اگرچہ انتظامیہ نے چند ہفتے قبل ہائی اسکول سطح تک کے اسکول کھولنے کا اعلان کیا تھا لیکن ان اسکولوں میں بچوں کی حاضری نہ ہونے کے برابرہے۔