کشمیر کے گورنر تبدیل اور لداخ کے پہلے گورنر تعینات،27 اکتوبر کو یوم سیاہ
ہندوستانی انتظامی خدمات(آئی اے ایس) کے سینیئر افسر گریش چندر مُرموکو مرکز کے زیر انتظام جموں و کشمیر اور سینیئر افسر رادھا کرشن ماتھر کو لداخ کا پہلا گورنر مقررکیا گیا ہے۔
صدارتی ہاوس کی جانب سے جاری پریس ریلیز کے مطابق صدر رام ناتھ کووند نے گجرات کیڈر کے 1985 بیچ کے آئی اے ایس افسر مُرمو کو جموں وکشمیر اور تریپورہ کیڈر کے 1977 بیچ کے آئی اے ایس افسرماتھر کو لداخ کا پہلا گورنر مقرر کیا ہے۔
بھارتیہ جنتا پارٹی کی کیرلا یونٹ کی صدر پی ایس شری دھرن پلَّئی کو میزورم کا گورنر مقرر کیا گیا ہے۔ جموں وکشمیر کے موجودہ گورنر ستیہ پال ملک اب گوا کے گورنر ہوں گے۔
ادھرہندوستان کے زیر انتظام کشمیرمیں حریت کانفرنس کے چیئرمین سید علی گیلانی نے جموں و کشمیر میں کل27 اکتوبر کو یوم سیاہ کے طور پر مناتے ہوئے مکمل شٹ ڈاؤن کا اعلان کیا ہے۔ سید علی گیلانی نے یوم سیاہ کے حوالے سے جاری بیان میں کہا کہ 27 اکتوبر1947 تاریخ کا سیاہ ترین دن تھا۔ انہوں نے جموں و کشمیر سے باہر مقیم تمام کشمیریوں سے درخواست کی کہ وہ ہندوستان کے قبضے کے خلاف مظاہرے کریں اور کشمیر کی حالت زار کی جانب دنیا کی توجہ مبذول کروائیں۔
خیال رہے کہ وادی کشمیر میں جمعہ کے روز 81 ویں دن بھی جہاں معمولات زندگی متاثر رہے وہیں پائین شہر کے نوہٹہ میں واقع 6 سو سالہ قدیم اور تاریخی جامع مسجد کے منبر ومحراب مسلسل بارہویں ہفتے بھی خاموش رہے۔
مرکزی حکومت کے پانچ اگست کے جموں کشمیر کو خصوصی اختیارات عطا کرنے والے آئینی دفعات کی منسوخی اور ریاست کو دو وفاقی حصوں میں منقسم کرنے کے اعلان کے خلاف وادی میں غیر اعلانیہ ہڑتالوں کا ایک سلسلہ ہنوز جاری ہے۔