Oct ۳۰, ۲۰۱۹ ۱۶:۱۳ Asia/Tehran
  • یورپی یونین کے ممبران پارلیمنٹ کے دورہ کشمیر پر تنقید

یورپی یونین کے تیئیس ممبران پارلیمنٹ کے دورہ کشمیر کو ہندوستان کی سیاسی جماعتوں نے ہدف تنقید بنایا ہے۔

یورپی یونین کے ممبران پارلیمنٹ کے وفد کے دورہ کشمیر پر تنقید کرتے ہوئے آل انڈیا مجلس اتحاد المسلمین کے سربراہ اسد الدین اویسی نے کہا ہے کہ امریکہ کے ایک سینیٹر نے کشمیر جانے کی اجازت مانگی تو اسے اجازت نہیں دی گئی لیکن ایرے غیرے لوگوں کو کشمیر بھیجا گیا ۔ انھوں نے کہا کہ یہ نگرانی میں انجام پانے والا ایک دورہ تھا ۔

کانگریس لیڈر راہل گاندھی نے بھی یورپی یونین کے تیئیس رکنی وفد کے دورہ کشمیر پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ یورپ کے ممبران پارلیمنٹ کے جمو وکشمیر کے ہدایات کے تحت انجام پانے والے دورے کا خیرمقدم کیا جا رہا ہے جبکہ ہندوستانی ممبران پارلیمنٹ کے کشمیر دورے پر پابندی عائد ہے ۔

مارکس وادی کمیونیسٹ پارٹی اور کانگریس نے سوال کیا ہے اگر کشمیر میں سب کچھ معمول پر ہے تو چنیدہ غیر ملکی ممبران پارلیمنٹ کو ہی کیوں کشمیر جانے دیا گیا۔

واضح رہے کہ یورپی یونین کے ممبران پارلیمنٹ کےایک تیئیس رکنی وفد نے منگل کو ہندوستان کے زیر کنٹرول کشمیر کا دورہ کیا جس کے بعد پریس کانفرنس سے خطاب کیا تاہم اس میں مقامی میڈیا کو آنے کی اجازت نہیں دی گئی ۔

ٹیگس