بابری مسجد کا فیصلہ چند گھنٹوں بعد، سکیورٹی ہائی الرٹ
Nov ۰۹, ۲۰۱۹ ۰۷:۵۴ Asia/Tehran
ہندوستان کی سپریم کورٹ اجودھیا کے رام جنم بھومی /بابری مسجد زمین تنازعہ میں اب سے چند گھنٹوں بعد تاریخی فیصلہ سنائے گی۔
ہندوستان کی سپریم کورٹ کےچیف جسٹس رنجن گوگوئی، جج ایس اے بوبڈے، جج ڈی وائی چندر چوڑ، جج اشوک بھوشن اور جج ایس عبدالنذیر کی آئینی بنچ آج صبح ساڑھے دس بجے اپنا فیصلہ سنائے گی۔ اس موقع پر سکیورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے ہیں۔
سپریم کورٹ کی ویب سائٹ پرکل شام ایک نوٹس جاری کرکے اس بارے میں معلومات دی گئی ہیں۔ عام طورپر سنیچر کو سپریم کورٹ میں چھٹی ہوتی ہے اورامید ظاہر کی جارہی تھی کہ کیس کا فیصلہ 13سے 15نومبر کے درمیان آئے گا لیکن غیرمتوقع طورپر فیصلے کے لئے آجکی تاریخ مقرر کی گئی ہے۔
آئینی بنچ نے 40 دن کی سماعت کے بعد گزشتہ 17اکتوبر کو فیصلہ محفوظ کرلیا تھا۔