دہلی میں آلودگی کے مسئلے میں بی جے پی اور عاپ کے درمیان زبردست نونک جھونک
ہندوستانی پارلیمنٹ کے ایوان بالا راجیہ سبھا میں، دارالحکومت دہلی میں آلودگی کے مسئلے میں بھارتی جنتا پارٹی اور عام آدمی پارٹی کے درمیان زبردست نونک جھونک ہوئی ۔
ہندوستانی خبررساں ایجنسی یو این آئی کے مطابق جمعرات کو راجیہ سبھا میں دہلی میں فضائی آلودگی کے مسئلے پر بحث ہوئی ۔ اس رپورٹ کےمطابق ہندوستان کے مرکزی وزیر برائے جنگلات و ماحولیات پرکاش جاوڈیکر نے کہا کہ قومی دارالحکومت میں آلودگی کے تین بنیادی اسباب ہیں ۔
انھوں نے کہا کہ دہلی میں آلودگی بڑھنے کے اسباب میں صنعتی کارخانوں، گاڑیوں کی بڑھتی ہوئی تعداد، سڑک اور مٹی کی دھول، تعمیرات اور پرانی بلڈنگیں توڑے جانے سے اٹھنے والے گرد وغبار کے علاوہ بایوماس اور جانوروں کے فضلے کے بطور ایندھن استعمال کئے جانے کا ذکر کیا۔
انھوں نے دعوی کیا کہ گزشتہ تین سال میں مرکزی حکومت کے اقدامات کے نتیجے میں ماحولیات میں بہتری آئی ہے۔ ان کے اس دعوے پر عام آدمی پارٹی کے ساتھ ہی حزب اختلاف کی دیگر جماعتوں کے اراکین نے بھی زبردست ہنگامہ کیا اور آلودگی بڑھنے کا ذمہ دار مرکزی حکومت کو قرار دیا۔