سی اے اے اور این آرسی کے خلاف طلبا تحریک جاری
ہندوستان میں شہریت ترمیمی ایکٹ کے خلاف قومی دارالحکومت نئی دہلی سمیت ملک کے کئی دیگر علاقوں میں منگل کو بھی احتجاجی مظاہرے کئے جارہے ہیں ۔ دہلی میں منڈی ہاؤس سے جنتر منتر تک مارچ میں طلبا اور دیگر تنظیموں اور عوام کے مختلف طبقوں کی بڑی تعدادنے شرکت کی-
ہندوستان میں شہریت ترمیمی ایکٹ کے خلاف قومی دارالحکومت نئی دہلی سمیت ملک کے کئی دیگر علاقوں میں منگل کو بھی احتجاجی مظاہرے کئے جارہے ہیں ۔
دہلی میں منڈی ہاؤس سے جنتر منتر تک مارچ میں طلبا اور دیگر تنظیموں اور عوام کے مختلف طبقوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی ۔ جنتر منتر پر موجود مظاہرین نے سی اے اے اور این آر سی کے ساتھ ساتھ منگل کو کابینہ میں منظور ہونے والے این پی آر کی بھی مخالفت کرتے ہوئے اسے این آرسی کا پیش خیمہ قراردیا ۔
ہندوستانی میڈیا کے مطابق قومی دارالحکومت دہلی میں پولیس نے طلبا اور مختلف تنظیموں کے کارکنوں کو منڈی ہاؤس سے جنتر منتر تک احتجاجی مارچ نکالنے سے روک دیا تھا لیکن اس کے باوجود وہ منڈی ہاؤس سے مارچ کرتے ہوئے جنتر منتر تک پہنچے۔ مارچ میں جامعہ ملیہ اور دہلی کی دیگر یونیورسٹیوں کے طلبا بھی شریک ہیں-
منڈی ہاؤس سے جنتر منترتک نکالی جانے والی ریلی کی مختلف تنظیموں اور پارٹیوں نے حمایت کی اور بہت بڑی تعداد میں ان کے کارکن بھی اس میں شریک ہیں - احتجاجی مارچ میں شریک معروف سماجی لیڈر یوگینڈر یادو نے سی اے اے اور این آرسی پر شدید حملہ کرتےہوئے کہا کہ ملک گیر عوامی مظاہروں کو دیکھتے ہوئے مرکزی حکومت این آرسی پر کچھ پیچھے ہٹنے کا اشارہ دے رہی ہے لیکن یہ ہرگز کافی نہیں ہے بلکہ وزیراعظم نریندر مودی کو باضابطہ اعلان کرنا ہوگا کو وہ این آرسی کے پوری طرح واپس لے رہے ہیں - ساتھ ہی انہوں نے سی اے اے کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ یہ قانون ملک کے آئین کی روح پر حملہ ہے جو برداشت نہیں کیا جاسکتا ہے ۔ انہوں نے جنترمنتر پر بھی اپنے بیان میں منگل کو کابینہ میں منظور ہونے والے بل این پی آر بھی حملہ کیا اور کہا کہ این پی آر در اصل این آرسی کو لانے کا پیش خیمہ ہے ۔ ادھر ریاست مغربی بنگال کے بھی مختلف علاقوں میں سی اے اے اور این آرسی کے خلاف بڑے پیمانے پر مظاہرے کئے جارہے ہیں -
کولکتہ میں ایک بہت بڑے مارچ کی خود وزیراعلی ممتا بنرجی نے قیادت کی ۔ انہوں نے آج حلف اٹھایا کہ وہ ریاست میں کسی بھی قیمت پر این آر سی اور سی اے اے نافذ نہیں ہونے دیں گی -
دوسری جانب مغربی بنگال کی جادھو پور یونیورسٹی میں طلبا نے سی اے اے اور این آرسی کے خلاف زبردست احتجاجی مظاہرہ کیا - جادھو پور یونیورسٹی کے طلبا نے اسی کے ساتھ ریاست کے گورنر کو جو ایک پروگرام میں شرکت کے لئے وہاں پہنچے تھے کیمپس میں آنے سے روک دیا اور انہیں کالے جھنڈے بھی دکھائے ۔
دریں اثنا حکمراں بھارتیہ جنتا پارٹی کے لیڈر اور سبھاش چند بوس کے پرپوتے چندر کمار بوس نے شہریت ترمیمی ایکٹ سی اے اے کی مخالفت کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہندوستان میں سبھی مذاہب کے لئے دروازے کھلے ہوئے ہیں اور اس قانون سے صرف مسلمانوں کو الگ نہیں رکھا جاسکتا ۔
دس روز قبل دہلی کے جامعہ ملیہ اسلامیہ کے طلبا پر جو سی اے اے اور این آرسی کے خلاف مظاہرہ کررہے تھے پولیس کے تشدد کے بعد پورے ملک میں احتجاجی مظاہروں کا دائرہ پھیل گیا ہے جن میں اب تک بیس سے زائد افراد جاں بحق اور دسیوں دیگر زخمی ہوچکےہیں -
اس درمیان یوپی پولیس نے اس بات کا اعتراف کیا ہے کہ جمعہ کو بجنور میں مارے گئے دو نوجوانوں میں سے ایک نوجوان سلیمان پولیس کی گولی سے ہلاک ہوا تھا اس سے پہلے یوپی پولیس کے سربراہ اوپی سنگھ نے بارہا یہ دعوی کیا تھا کہ پولیس نے پوری ریاست میں کہیں ایک بھی گولی نہیں چلائی ۔ گذشتہ جمعے اور اتوار کو ریاست اترپردیش میں مظاہروں کے دوران تقریبا بیس افراد جاں بحق ہوگئے تھے ۔
دوسری جانب یوپی پولیس نے کانگریس پارٹی کے رہنماؤں راہل گاندھی اور پرینکا گاندھی کو میرٹھ میں داخل نہیں ہونے دیا جو میرٹھ میں مظاہرے کے دوران مارے گئے دو نوجوانوں کے اہل خانہ سے ملاقات کے لئے وہاں جارہے تھے - پولیس نے انہیں میرٹھ پہچنے سے پہلے ہی روک دیا -
دو روز قبل پرینکا گاندھی نے بجنور میں مارے گئے نوجوانوں کے اہل خانہ سے ملاقات کی تھی - بجنور میں مارے گئے ایک نوجوان سلیمان کے گھر والوں کا کہنا ہے کہ پولیس نے ان کے بیٹے کو الگ بلا کر گولی ماری تھی - جبکہ پولیس کا دعوی ہے کہ اس نے اپنی حفاظت اور دفاع میں اس نوجوان پر گولی چلائی تھی - ادھر بنگلورو میں پولیس کی فائرنگ میں ہونے والی ہلاکتوں کی تحقیقات کا حکم جاری کردیا گیا ہے ۔