Jan ۱۰, ۲۰۲۰ ۲۲:۲۶ Asia/Tehran

سردارمحاذ استقامت شہید جنرل قاسم سلیمانی اور عراقی رضاکار فورس الحشد الشعبی کے ڈپٹی کمانڈر جنرل ابو مہدی المہندس اور ان کے آٹھ ساتھیوں کی شہادت کے خلاف دنیا کے مختلف ملکوں میں احتجاجی ریلی اور مظاہروں کا انعقاد کیا جا رہا ہے۔

اسی سلسلے میں ہندوستان کی ریاست اترپردیش کے فیض آباد شہرمیں خواتین نے کینڈل مارچ نکالا۔ مظاہرے میں شامل خواتین امریکا مردہ باد، اسرائیل مردہ باد کے نعرے لگا رہی تھیں۔ کینڈل مارچ امام باڑہ جواہر علی خاں سے برآمد ہوا جو خوردمحل میں اختتام پذیر ہوا۔ جلوس کے اختتام پر خطیبہ شیریں بانو نے مختصر تقریر کی اور عالم اسلام کے لئے جنرل قاسم سلیمانی کی خدمات کا ذکر کیا۔

کینڈل مارچ میں شامل اقبال زہراء نے ہمارے نمائندے سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ امریکا نے عالم اسلام کے ایک عظیم مجاہد کو شہید کرکے بہت بڑی حماقت کی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ شام اور عراق میں داعش کے خاتمے میں جنرل قاسم سلیمانی کے کردار کو فراموش نہيں کیا جا سکتا۔

شدید سردی کے موسم میں اپنی دو سالہ بچی کے ساتھ مظاہرے میں شامل فرحین فاطمہ نے کہا کہ ایران کے جوابی میزائیلی حملے نے امریکا کے غرور و تکبر کو خاک میں ملا دیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ عالم اسلام میں ایران ہی ایسا ملک ہے جو امریکا کی غنڈہ گردی کا منہ توڑ جواب دے سکتا ہے۔

کینڈل مارچ میں شامل چودہ سالہ بچی معراج مہدی نے کہا کہ جنرل قاسم سلیمانی صرف ایرانی قوم کے ہی ہیرو نہيں ہیں بلکہ وہ ہمارے اور عالم اسلام کے ہیرو ہیں اور ہم ان کی شہادت کو سلام پیش کرتے ہیں۔   

 

ٹیگس