امریکی صدر دو روزہ دورے پر ہندوستان پہنچ گئے
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ، اپنے اہل خانہ کے ساتھ دو روزہ دورے پر ہندوستان کے لیے احمد آباد پہنچے گئے ہیں۔
ہندوستانی میڈیا کے مطابق ہندوستان کے وزیر اعظم نریندر مودی نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا ایرپورٹ پراستقبال کیا۔
امریکہ کے صدر ڈونالڈ ٹرمپ آج ایسے میں ہندوستان کے دورے پر احمد آباد پہنچے کہ جب ہندوستانی عوام ایک بار پھر ٹرمپ کے دورے کے خلاف سراپا احتجاج ہیں اور اس ملک میں امریکی صدر کے دورہ ہندوستان کےخلاف آوازیں اور نعرے بلند ہورہے ہیں اور لکھنو کے عوام نے جمعہ کے روز مظاہرہ کیا اور سینکڑوں مظاہرین نے امریکہ کے صدر کے دورہ ہندوستان کی مخالفت ومذمت کرتے ہوئے شدید نعرے بازی کی ۔
مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئےمولاناحیدر رضا ، مولانا نجم الحسن رضوی اور دیگر مقررین نے کہا کہ جس انداز سے ایک منصوبہ بند سازش اور سوچی سمجھی حکمت عملی کے تحت امریکہ نے پوری دنیا کو دہشت گردی کی آگ میں جھونک دیاہے اس سے یہ ثابت ہوچکا ہے کہ پوری دنیا میں جہاں جہاں دہشت گردی ہے وہاں وہاں امریکہ اور اس کی سازشیں کارفرما ہیں اور جنرل قاسم سلیمانی کی شہادت سے یہ پوری طرح واضح ہوچکا ہے کہ امریکہ اور اسرائیل ہر اس شخص اور ملک کے دشمن ہیں جو دہشت گردی کے خلاف ہیں اسے لئے کہ امریکہ کا مقصد دہشت گردی کو ختم کرنا نہیں بلکہ اسے فروغ دے کر اپنے جنگی ہتھیاروں کی سپلائی کو یقینی بناناہے ۔
واضح رہے کہ امریکی صدرڈونالڈ ٹرمپ اپنی اہلیہ اور خصوصی وفد کے ساتھ آج 24 فروری کو دو روزہ دورے پر ہندوستان پہنچے۔
ہندوستانی ذرائع کے مطابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا طیارہ احمد آباد کے سردار ولبھ بھائی پٹیل بین الاقوامی ہوائی اڈے پر پہلے سے مقررہ وقت کے مطابق گیارہ بجکر چالیس منٹس پر اترا۔ان کے استقبال کےلئے خود ہندوستانی وزیراعظم نریندرمودی وہاں موجود تھے۔انہوں نے مسٹر ٹرمپ اور ان کی اہلیہ ملینیا سے ہاتھ ملا کر گرم جوشی سے ان کا استقبال کیا روایتی موسیقی اور رقص کے ساتھ مسٹر ٹرمپ کا لال قالین پر استقبال کیاگیا۔
ہندوستان کے وزیر اعظم نریندر مودی پیر کی صبح تقریباً دس بجے سردار ولبھ بھائی پٹیل بین الاقوامی ہوائی اڈے پہنچ گئے تھے۔
بیس کلومیٹر سے زیادہ لمبا روڈشو کیا اور پھر مہاتما گاندھی کے تاریخی سابرمتی آشرم میں کچھ وقت گزارنے کے بعد امریکی صدر ٹرمپ کو نوتعمیر شدہ سردار پٹیل اسٹیڈیم لے جایا گیا جہاں نمستے ٹرمپ پروگرام منعقد ہوا جس سے ٹرمپ اور مودی دونوں نے خطاب کیا۔
ٹرمپ کے روڈ شو اور نمستے ٹرمپ پروگرام کی سیکورٹی کے لئے ہزاروں سیکورٹی اہلکاروں کو تعینات کیا گیا ۔ یہ کسی بھی امریکی صدر کا گجرات کاپہلا دورہ ہے ۔
قابل ذکر ہے کہ احمد آباد میں ٹرمپ کے روڈ شو کے لئے راستے میں پڑنے والی چھونپڑ پٹی کو چھپانے کے لئے ایک لمبی دیوار کھینچی گئی ہے جس پر اس جھونپڑ پٹی کے مکینوں نے زبردست احتجاج کیا تھا ۔ اس کے لئے ٹرمپ کے دورے کی سیکورٹی پر خرچ ہونے والی رقم کا تخمینہ سو کروڑ روپئے لگایا گیا ہے جس پر کانگریس اور حزب اختلاف کی دیگر جماعتوں نے سخت اعتراض کیا ہے ۔