دہلی فسادات میں جاں بحق افراد کی تعداد 45، شاہین باغ میں دفعہ 144 نافذ
شہریت ترمیمی قانون کے خلاف شاہین باغ میں جاری دھرنے کے نزدیک تصادم سے بچنے کے لئے انتظامیہ نے اس علاقے میں دفعہ 144 نافذ کردی گئی۔
ہندوستانی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق شمال مشرقی دہلی میں فسادات کے بعد اتوار کو نالوں میں مزید تین لاشوں کے ملنے سے جاں بحق افراد کی تعداد 45 ہو گئی جبکہ تقریبا 300 زخمیوں کا مختلف ہسپتالوں میں علاج ہو رہا ہے جن میں سے کئی کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے۔
تشدد سے متاثرہ علاقوں میں بڑی تعداد میں پولیس اور نیم فوجی دستے تعینات ہیں اورفساد زدہ علاقوں میں آہستہ آہستہ معمولات زندگی پٹری پر واپس آنے کے ساتھ ہی پولیس نے بڑے پیمانے پر گرفتاریوں کا سلسلہ شروع کر دیا ہے اور اس سلسلے میں اب تک 167 ایف آئی آر درج کرکے 885 لوگوں کو پوچھ گچھ کے لئے حراست میں لیا جا چکا ہے۔
دوسری جانب ہندو سینا نے یکم مارچ کو شاہین باغ سڑک خالی کرانے کی اپیل کرتے ہوئے کہا تھا کہ شاہین باغ میں سی اے اے کی تحریک کے خلاف مظاہرہ کیا جائے گا جس کے بعد انتظامیہ نے کسی قسم کے ممکنہ ناخوشگوار واقعہ سے بچنے کے لئے بڑی تعداد میں پولیس فورس کو تعینات کر کے شاہین باغ کے علاقے میں دفعہ 144 نافذ کردی۔