دہلی میں فرقہ وارانہ فسادات میں 49 افراد جاں بحق
راہل گاندھی نے کہا ہے کہ اسکول دہلی کا مستقبل ہے اور نفرت اور تشدد نے اسے برباد کردیا۔
ہندوستانی میڈیا کے مطابق گزشتہ ماہ فروری کے آخری ہفتے میں دہلی میں فرقہ وارانہ فسادات پھوٹ پڑے تھے اوربڑے پیمانے پر ہلاکتیں ہوئی تھیں تاہم اب سرکاری طور پر ایک فہرست جاری کی گئی ہے جس کے مطابق 49 افراد ان فسادات میں جاں بحق اور 500 کے قریب زخمی ہوئے جبکہ پولیس نے تشدد کے الزام میں 1647 افراد کوگرفتار کیا ہے۔
کانگریس کے سابق صدر راہل گاندھی نے بدھ کے روز شمال مشرقی دہلی کے برج پوری علاقے کا دورہ کیا اور حال ہی میں ہوئے فساد اور تشدد میں جلائے گئے گھروں، اسکولوں اور دکانوں کو قریب سے دیکھا ۔ اس موقع پرعلاقے میں آگ زنی کے سبب جل کر خاک ہوئے اسکول کی عمارت کی حالت دیکھتے ہوئے راہل گاندھی نے جذباتی ہوکر کہا کہ یہ اسکول دہلی کا مستقبل ہے اور نفرت اور تشدد نے اسے برباد کردیا۔
دوسری جانب بہار کے خانقاہوں نے اب سی اے اے کے خلاف چل رہے تحریک کو مزید تقویت پہنچانے اور سی اے اے، این پی آر اور این آر سی کو ملک کے خلاف قرار دیتے ہوئے احتجاج کرنے کا اعلان کیا ہے۔