ھندوستانی پارلیمنٹ میں بغیر بحث کے بجٹ پاس
Mar ۲۳, ۲۰۲۰ ۱۹:۳۳ Asia/Tehran
ہندوستان میں دو ہزار بیس کے مالیاتی بل کی منظوری کے بعد پارلیمنٹ کے ایوان زیریں لوک سبھا کی کارروائی غیر معینہ مدت کے لئے ملتوی کردی گئی۔
مالیاتی بل دو ہزار بیس کو بغیر بحث کے منظور کرنے کے بعد لوک سبھا کے بجٹ اجلاس کی کارروائی پیر کو غیر معینہ مدت تک کے لئے ملتوی کردی گئی۔
بتایا گیا ہے کہ کورونا وائرس کے بڑھتے ہوئے پھیلاؤ کے پیش نظر ایوان کی کارروائی مقررہ وقت سے پہلے ہی ختم کرنی پڑی۔
ہندوستانی پارلیمنٹ کا بجٹ اجلاس اکتیس جنوری سے شروع ہوا تھا۔ اس کا پہلا مرحلہ گیارہ فروری تک چلا جس میں دوہزار بیس اکیس کا بجٹ بل پیش کیا گیا اوراس پر عام بحث ہوئی۔
دوسرے مرحلے کا آغاز دو مارچ سے ہوا اور پہلے سے طے شدہ پروگرام کے مطابق تین اپریل تک میٹنگ ہونی تھی لیکن لوک سبھا اسپیکر اوم برلا نے بجٹ بل کی منظوری کے بعد ایوان کی کارروائی پیر کو ہی غیر معینہ مدت تک کے لئے ملتوی کردی۔ وزیر اعظم نریندر مودی اس وقت ایوان میں موجود تھے۔
پارلیمانی امور کے ریاستی وزیر ارجن رام میگھوال نے اس موقع پر کہا کہ سبھی پارٹیوں کے لیڈروں کے ساتھ آج صبح میٹنگ میں اس بات پر اتفاق ہوا تھا کہ ناموافق حالت کے پیش نظر بجٹ بل بغیر بحث کے منظور کیا جائے گا۔ مسٹر برلا نے بتایا کہ اس سیشن کے دوران کل تیئس نشستوں میں سولہ سرکاری بل ایوان میں پیش کئے گئے جن میں سے تیرہ بل منظور کر لئے گئے۔