ہندوستان اور پاکستان میں کورونا کیسز میں مسلسل اضافہ
دنیا کے دیگر ملکوں کی طرح بر صغیر کے ملکوں ہندوستان اور پاکستان میں بھی کورونا سے متاثرین اور مرنے والوں کی تعداد میں مسلسل اضافہ ہوتا جا رہا ہے جبکہ لاک ڈاؤن اور دیگر بندشوں کا سلسلہ بھی بدستور جاری ہے۔
ہندوستانی میڈیا کا کہنا ہے کہ ملک میں کورونا کے کیسز میں تیزی کے ساتھ اضافہ ہوتا جارہا ہے اور محکمہ صحت کے اعداد وشمار کےمطابق گذشتہ چوبیس گھنٹے میں کورونا سے پورے ملک میں مزید تیرہ سو سے زائد کیسز سامنے آئے ہیں اور اسی مدت میں مزید سینتالیس لوگوں کی کورونا نے جان لی ہے-
ہندوستان میں کورونا سے متاثرین کی تعداد اٹھارہ ہزار نو سو سے زائد ہوگئی ہے جن میں پندرہ ہزار سے زائد ایکٹیو کیسز ہیں جبکہ تین ہزار دو سو تہتر مریض صحتیاب ہو چکے ہیں- ہندوستانی محکمہ صحت کا کہنا ہے کہ کورونا سے اب تک چھے سو تین لوگ اپنی جان سے ہاتھ دھو چکے ہیں -
اس درمیان ہندوستان میں بہت سے مریضوں میں کورونا کی علامات ظاہر نہ ہونے کی وجہ سے انتظامی اداروں میں کافی تشویش پائی جا رہی ہے- ہندوستانی حکام کا کہنا ہے کہ ملک کی دس ریاستوں میں اوسطا سڑسٹھ فیصد مریض ایسے ہیں جن میں کورونا کی علامتیں ظاہر ہی نہیں ہو پاتیں جبکہ وہ اس وائرس سے متاثر ہوئے ہوتے ہیں-
ماہرین کا کہنا کہ مریضوں میں کورونا کی علامتیں ظاہر نہ ہونے کی وجہ سے بڑے پیمانے پر یہ بیماری پھیل سکتی ہے۔
ہندوستان میں جہاں مرکزی اور ریاستی حکومتیں اس بات پر غور کررہی ہیں کہ تین مئی کے بعد ملک گیر لاک ڈاؤن کی مدت میں توسیع نہ کی جائے وہیں ڈبلیو ایچ او نے خبردار کیا ہے کہ کورونا بیماری کے دوران احتیاطی تدابیر برقرار رکھنا ضروری ہے۔
ڈبلیو ایچ او نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ جلد بازی میں اٹھایا گیا کوئی بھی قدم کورونا کےپھیلاؤ میں اضافہ کرسکتا ہے -
دوسری طرف پاکستان میں بھی کورونا وائرس تیزی سے پھیل رہا ہے اور پاکستانی میڈیا نے اس رفتار کو تشویشناک قرار دیا ہے- پاکستانی میڈیا کے مطابق پورے ملک میں کورونا سے متاثرین کی تعداد ساڑھے نو ہزار سے دو سو تجاوز کر گئی ہے جبکہ مرنے والوں کی مجموعی تعداد ایک سو ستانوے تک پہنچ چکی ہے- پاکستانی میڈیا کا کہنا ہے کہ گذشتہ دو تین روز میں کورونا کے کیسز میں مزید تیزی کے ساتھ اضافہ ہوا ہے اور اموات کی شرح بھی بڑھی ہے - بیس اپریل کو پورے پاکستان میں ایک ہی دن میں کورونا سے چوبیس اموات ہوئی تھیں -
پاکستان میں فلاحی کاموں کے لئے شہرہ آفاق ادارے ایدھی فاؤنڈیشن کے سربراہ فیصل ایدھی میں بھی کورونا وائرس کی تشخیص ہوئی ہے- پاکستانی میڈیا کا کہنا ہے کہ فیصل ایدھی اس وقت اسلام آباد میں ہیں جبکہ ان کے ٹیسٹ کی جو رپورٹ سامنے آئی ہے وہ بھی اسلام آباد کے ہی اسپتال کی ہے- فیصل ایدھی کے بیٹے سعد ایدھی نے بتایا کہ اسلام آباد میں وزیر اعظم عمران خان سے ملاقات کے ایک روز بعد ہی فیصل ایدھی میں کورونا کی علامات ظاہر ہوئیں -