ہندوستان اور پاکستان میں کورونا کی صورتحال
ہندوستان اور پاکستان میں کورونا کی رفتار تھمنے کا نام نہیں لے رہی ہے اور دونوں ہی ملکوں میں متاثرین کی تعداد میں اضافہ ہوتا جا رہا ہے۔اس درمیان ہندوستانی وزیر اعظم نریندر مودی نے ریاستوں کے وزرائے اعلی کے ساتھ ویڈیو لنک کے ذریعے ہونے والی میٹنگ میں کہا ہے کہ تین مئی کے بعد جن ریاستوں میں کورونا کے کیسز زیادہ ہوں گے وہاں لاک ڈاؤن کی مدت بڑھا دی جائے گی۔
ہندوستان کے وزیر اعظم نریندر مودی نے پیر کو متعدد ریاستوں کے وزرائے اعلی کے ساتھ ویڈیو لینک کے ذریعے ہونے والی میٹنگ میں کہا ہے کہ تین مئی کے بعد جن ریاستوں میں کورونا کے کیسز کے زیادہ ہوں گے وہاں لاک ڈاؤن کی مدت میں مزید اضافہ کر دیا جائے گا-
ذرائع کے حوالے سے ہندوستانی میڈیا نے خبر دی ہے کہ نریندر مودی کا کہنا تھا کہ لاک ڈاؤن کو کھولنے کے لئے ایک منصوبہ اور حکمت عملی تیار کرنی ہو گی۔ انہوں نے کہا کہ ریاستیں اپنی پالیسی اور حکمت عملی تیار کریں کہ وہ کس طرح سے ریڈ، گرین اور اورینج زون کو کھولیں گی-
اس اجلاس میں نو ریاستوں کے وزرائے اعلی نے اپنی اپنی تجاویز پیش کیں جن میں سے چار ریاستوں کے وزرائے اعلی نے لاک ڈاؤن کی مدت میں توسیع کی بات کی۔
ہندوستان میں کورونا کے پھیلاؤ کو روکنے کے لئے لاک ڈاؤن کا دوسرا مرحلہ جاری ہے جو تین مئی تک جاری رہے گا، تاہم وزیر اعظم مودی نے کہا کہ اس بارے میں تین مئی کے بعد فیصلہ ہوگا اور جو ریاستیں زیادہ متاثر ہوں گی وہاں لاک ڈاؤن بڑھا دیا جائے گا اور جن ریاستوں میں صورتحال بہتر ہوگی وہاں ضلع وار ڈھیل دی جائے گی-
اس درمیان ہندوستان میں گذشتہ چوبیس گھنٹے میں کورونا کے مزید تیرہ سو چھیانوے کیسز سامنے آئے ہیں اور اس عرصے میں اڑتالیس لوگوں کی موت ہو چکی ہے - ہندوستان میں کورونا کے متاثرین کی کل تعداد تقریبا اٹھائیس ہزار تک پہنچ گئی ہے جبکہ مرنے والوں کی تعداد سات سو بہتر ہے- ہندوستانی وزارت صحت کا کہنا ہے کہ چھے ہزار ایک سو پچاسی مریضوں کا علاج مکمل ہو چکا ہے -
دوسری طرف پاکستان میں بھی گذشتہ چوبیس گھنٹے میں تقریبا ساڑھے تین سو مزید نئے کیسز سامنے آئے ہیں اور یوں پورے پاکستان میں کورونا سے متاثرین کی تعداد تیرہ ہزار چھے سو ساٹھ سے گزر چکی ہے، جبکہ ان میں سے تین ہزار افراد صحتیاب بھی ہوئے ہیں- پاکستان میں کورونا سے مرنے والوں کی تعداد دوسو تراسی ہے۔
پنجاب کورونا سے سب سے زیادہ متاثر صوبہ ہے جہاں متاثرین کی تعداد پانچ ہزار چار سو چھیالیس ہے۔ دوسرے نمبر پر صوبہ سندھ ہے جہاں اب تک تقریبا پانچ ہزار افراد کورونا سے متاثر ہو چکے ہیں۔ خیبر پختونخوا میں اٹھارہ سو چونسٹھ ، بلوچستان میں سات سو اکیاسی، گلگت بلتستان میں تین سو اٹھارہ اور اسلام آباد میں دو سو پینتالیس کیسز ہیں جبکہ پاکستان کے زیر انتظام کشمیر میں کورونا سے متاثرین کی تعداد انسٹھ بتائی گئی ہے-
اس درمیان کراچی میں کورونا وائرس کے مشتبہ مریض نے جناح اسپتال میں قائم آئیسولیشن وارڈ سے چھلانگ لگا کر خود کشی کرلی ہے۔ اسپتال کی ایگڑیکیٹو ڈائریکٹر سیمی جمالی نے بتایا کہ مذکورہ شخص کو کورونا کی ممکنہ علامات ظاہر ہونے پر اتوار کی رات کراچی کے علاقے لانڈھی سے جناح اسپتال لایا گیا تھا۔ انہوں یہ بھی بتایا کہ خودکشی کرنے والا شخص مبینہ طور پر منشیات کا عادی تھا- مذکورہ شخص نے اسپتال کی تیسری منزل سے چھلانگ لگا کر خودکشی کر لی-