ہندوستان، امفان طوفان نے مغربی بنگال میں تباہی مچادی
ہندوستان کی ریاست مغربی بنگال میں امفان طوفان سے وسیع پیمانے پر تباہی و بربادی آئی ہے۔
ہندوستانی خبررساں ایجنسی یو این آئی کے مطابق ریاست مغربی بنگال کی وزیر اعلی ممتا بنرجی نے کہا ہے کہ امفان طوفان نے کورونا سے کہیں زیادہ تباہی مچائی ہے۔ انہوں نے بتایا ہے کہ اس طوفان سے ہزاروں کروڑ کا نقصان ہوا ہے۔
ممتا بنرجی نے کہا ہے کہ سب کچھ برباد ہوگیا ہے، سارے دریاؤں کے پشتے ٹوٹ گئے ہیں جس سے اندازہ لگایا جاسکتا ہے کہ کتنا نقصان ہوا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ اس طوفان کی وجہ سے ریاستی سیکریٹریٹ کا ایک بڑا حصہ بھی ٹوٹ گیا ہے۔ ان کا کہنا تھا ان کی پوری زندگی مغربی بنگال میں گزری ہے لیکن انہوں نے اب تک ایسی تباہی نہیں دیکھی تھی۔ مغربی بنگال کی وزیر اعلیٰ نے بتایا کہ بہت سے پل ٹوٹ گئے اور بہت سارے مکانات بھی منہدم ہو گئے ہیں۔ ممتا بنرجی کہنا تھا کہ اب تک دس سے بارہ اموات ہو چکی ہیں لیکن صحیح تعداد کا اعلان ابھی ممکن نہیں ہے۔
مغربی بنگال کی وزیر اعلا نے مرکزی حکومت سے کہا ہے کہ یہ وقت سیاست کا نہیں ہے بلکہ ریاست کو فوری مدد کی ضرورت ہے۔ رپورٹوں میں بتایا گیا کہ ریاست مغربی بنگال کی وزیر اعلی طوفان شروع ہونے کے بعد گزشتہ دو دن سے ریاستی سیکریٹریٹ کے اندر موجود ہیں۔
ہندوستانی ذرائع کے مطابق وزیر اعظم نریندر مودی نے اعلان کیا ہے کہ اس مشکل وقت میں پورا ملک ریاست مغربی بنگال کے ساتھ کھڑا ہے اور ریاست کی امداد میں کوئی کمی نہیں کی جائے گی۔