ہندوستان، مغربی بنگال میں طوفان کے بعد وزیر اعظم اور وزیر اعلی کا معائنہ
ہندوستان کے وزیر اعظم نریندر مودی اور ریاست مغربی بنگال کی وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی نے”امفان طوفان“ سے ہونے والے نقصانات کا فضائی جائزہ لیا۔
ہندوستانی وزیرا عظم مودی اور ریاست مغربی بنگال کی وزیر اعلی ممتا بنرجی کے ہمراہ مرکزی حکومت کے کچھ وزراء بھی تھے۔ مغربی بنگال کی ریاستی حکومت کے مطابق طوفان کی وجہ سے اب تک اسّی افراد کی موت ہو چکی ہے۔
وزیرا عظم نریندر مودی نے جمعہ کو مغربی بنگال کے عوام کو یقین دلاتے ہوئے کہا ہے کہ مصیبت کی اس گھڑی میں پورا ملک ان کے ساتھ ہے اور مرکزی حکومت ”امفان طوفان“ سے ہونے والی تباہی سے بنگال کو نکالنے اور بنگال کی بازآبادکاری کیلئے بنگال حکومت کی ہر ممکن مدد کرنے کو تیار ہے۔
ممتا بنرجی نے مرکزی حکومت سے مدد کی اپیل کرتے ہوئے وزیرا عطم مودی کو متاثرہ علاقے کا دورہ کرنے کی دعوت دی تھی۔ ہندوستان کے صدر جمہوریہ رام ناتھ کووند نے بھی ممتا بنرجی کو فون کر کے ریاست کے حالات سے متعلق معلومات حاصل کی۔
درایں اثنا بنگلادیش کی وزیر اعظم شیخ حسینہ نے جمعہ کو مغربی بنگال کی وزیر اعلی ممتا بنرجی کو فون کر کے ان سے گردابی طوفان ’امفان‘ کی وجہ سے ریاست میں ہوئے نقصان پر بات چیت کی اور طوفان کے باعث ہونے والے جان و مال کے نقصان پر ہمدردی کا اظہار کیا۔