Jun ۱۱, ۲۰۲۰ ۲۱:۳۲ Asia/Tehran
  • تیس جون تک دہلی جامع مسجد بند رکھنے کا اعلان

دہلی کی جامع مسجد کے شاہی امام سید احمد بخاری نے اعلان کیا ہے کہ گیارہ جون سے تیس جون تک جامع مسجد میں نماز نہیں ادا کی جائے گی۔

ہندوستان کے قومی دار الحکومت دہلی کی جامع مسجد کے شاہی امام احمد بخاری نے ایک ٹوئٹ کے ذریعے اعلان کیا ہے کہ کورونا وائرس کے پھیلاؤ کو دیکھتے ہوئے گیارہ جون سے تیس جون تک مسجد کو بند رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

جامع مسجد کے شاہی امام سید عبداللہ بخاری نے اپنے ٹوئٹ میں لکھا کہ عوام، دانشوروں اور مذہبی رہنماؤں سے صلاح و مشورے کے بعد یہ فیصلہ کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ تیس جون تک لوگوں پر مسجد میں نماز ادا کرنے کی ممانعت ہے اور اس دوران جامع مسجد میں کوئی بھی نماز ادا نہیں کی جائے گی۔

مولانا بخاری نے کہا کہ ملک بھر کی مسجدوں کے ذمہ داروں کو بھی اس معاملے پر غور کرنا چاہئے۔

قابل ذکر ہے کہ جامع مسجد دہلی کے ترجمان امان اللہ کی بدھ کو کورونا کے باعث موت ہو چکی ہے۔ لاک ڈاؤن میں ڈھیل دیئے جانے کے بعد آٹھ جون سے ملک بھر میں مذہبی مقامات کو کھول دیا گیا تھا ۔

ٹیگس