Jun ۲۰, ۲۰۲۰ ۱۹:۳۳ Asia/Tehran
  • چینی سرحد کے قریب ہندوستان کے جنگی طیاروں کی تعیناتی

ہندوستان کی فوج نے چین سے ملنے والی مشترکہ سرحد پر اپنے جدید جنگی طیارے اور ہیلی کاپٹر تعینات کر دیئے ہیں۔

ہندوستان کے فوجی حکام نے ہفتے کے روز اعلان کیا ہے کہ شمالی علاقے میں چین سے ملنے والی سرحد پر جدید قسم کے جنگی طیارے اور ہیلی کاپٹر تعینات کر دیئے گئے ہیں تاکہ ضرورت پڑنے پر اپنے فوجیوں کی حفاظت اور ان کی مدد کی جا سکے۔

خبروں میں کہا گیا ہے کہ ہندوستان نے موجودہ صورت حال کے پیش نظر اپنی بحریہ اور فضائیہ کو بھی مکمل چوکس کر دیا ہے۔

اُدھر چین نے بھی ہندوستان سے ملنے والے سرحدی علاقوں میں فوجیوں کی تعداد میں اضافہ اور جنگی ساز و سامان منتقلی شروع کر دی ہے۔

حالانکہ ہندوستان کے وزیر اعظم نریندر مودی نے جمعے کے روز اپنے ایک ٹی وی پیغام میں اعلان کیا ہے کہ ہندوستان کے کسی سرحدی علاقے پر کسی بیرونی فوج کا قبضہ نہیں ہے اور ہندوستان کی فوج کا اپنے سرحدی علاقوں پر مکمل اختیار ہے۔

نریندر مودی کے اس بیان پر کانگریس کے مرکزی رہنما راہل گاندھی نے تنقید کرتے ہوئے سوال کیا ہے کہ تو پر ہندوستانی فوجی کس مقام پر مارے گئے؟

خیال رہے کہ حال ہی میں لداخ کے سرحدی علاقے میں ہندوستان اور چین کے فوجیوں کے درمیان ہونے والی حالیہ جھڑپ میں دونوں ملکوں کے دسیوں فوجی ہلاک و زخمی ہوئے ہیں۔ اگرچہ مشترکہ سرحد پر حالات پرامن ہیں تاہم دونوں ہی ملکوں کی جانب سے جنگی ساز و سامان سرحد پر منتقل کیا جا رہا ہے۔

ٹیگس