Jun ۲۱, ۲۰۲۰ ۱۹:۰۰ Asia/Tehran
  • ہند و چین کے مابین کشیدگی برقرار، ہندوستانی وزیر دفاع فوجی کمانڈروں سے ملے

لداخ سیکٹر کی وادی گلوان میں ہندوستان اور چین کے درمیان سرحدی کشیدگی بدستور جاری ہے اس درمیان ہندوستانی وزیر دفاع نے تین افواج کے کمانڈروں کے ساتھ میٹنگ کی ہے۔

ہندوستانی میڈیا کے مطابق وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ نے چین کے ساتھ کشیدہ صورتحال کے دوران روس کا دورہ کرنے سے قبل اتوار کو تینوں افواج کے کمانڈروں سے ملاقات کی ہے- کمانڈروں کے ساتھ ملاقات میں ایل اے سی پر کشیدہ صورتحال اور مسلح افواج کی تیاریوں کا جائزہ لیا گیا۔

 ہندوستانی وزیر دفاع چین کے ساتھ کشیدگی کے بعد پیر کو روس کے دورے پر جا رہے ہیں-

دوسری جانب بین الاقوامی میڈیا کی رپورٹوں میں کہا جا رہا ہے کہ چین نے بھی ہندوستان کے ساتھ اپنی ملحقہ سرحد پر تازہ دم فوجی دستوں کی تعداد بڑھا دی ہے اور بھاری فوجی ساز و سامان بھی مشترکہ سرحد کے قریب پہنچا رہا ہے۔ بعض خبروں میں یہ بھی کہا جا رہا ہے کہ چین نے فارورڈ پوزیشن پر نئی چوکیاں بھی بنالی ہیں-

گذشتہ پندرہ جون کو وادی گلوان میں ہندوستانی اور چینی فوجیوں کے درمیان خونریز جھڑپ میں کم سے کم بیس ہندوستانی فوجی مارے گئے تھے جن میں ایک کرنل بھی شامل تھا۔

چینی فوجیوں نے متعدد ہندوستانی فوجیوں کو گرفتار بھی کر لیا تھا، جنہیں بعد میں رہا کر دیا- ہندوستان میں دفاعی ماہرین کا کہنا ہے کہ سرحد پر صورتحال انتہائی کشیدہ ہے۔

ٹیگس