کشمیرمیں 2 عسکریت پسند جاں بحق
وادی میں مسلح تصادم کے پیش نظر ضلع پلوامہ کے کئی علاقوں بشمول ترال میں موبائل انٹرنیٹ سروس منقطع کردی ہے۔
ہندوستان کے زیر انتظام جنوبی کشمیر کے ضلع پلوامہ میں جمعرات کی شام سے جاری مسلح تصادم میں اب تک دو عسکریت پسند مارے جا چکے ہیں تاہم پولیس کی طرف سے یہ رپورٹ فائل کئے جانے تک ایک ہی عسکریت پسند کے جاں بحق ہونے کی تصدیق ہوئی تھی۔
سرکاری ذرائع کا کہنا ہے کہ ضلع پلوامہ کے چیوا اولر ترال میں عسکریت پسندوں کی موجودگی سے متعلق خفیہ اطلاع ملنے پر سیکورٹی فورسز نے مذکورہ علاقہ میں جمعرات کی شام کارڈن اینڈ سرچ آپریشن شروع کیا۔
ایک رپورٹ کے مطابق یہ جنوبی کشمیر میں رواں ماہ چلایا جانے والا 12واں عسکریت پسند مخالف آپریشن ہے۔ ان بارہ آپریشنز میں اب تک 32 عسکریت پسند جاں بحق ہوچکے ہیں۔
دریں اثنا انتظامیہ نے ترال میں مسلح تصادم کے پیش نظر ضلع پلوامہ کے کئی علاقوں بشمول ترال میں موبائل انٹرنیٹ سروس منقطع کردی ہے۔