Aug ۰۶, ۲۰۲۰ ۱۳:۳۴ Asia/Tehran
  • نریندر مودی کی ایودھیا پالیسی پر کانگریس اور مسلمانوں کی نکتہ چینی

نریندر مودی کی ایودھیا پالیسی پر کانگریس اور مسلمانوں نے کڑی نکتہ چینی کی ہے۔

ہندوستان کے وزیر اعظم نریندر مودی کے ایودھیا میں بھگوان رام مندر کا سنگ بنیاد رکھنے کے فوراَ بعد کانگریس کے سابق صدر اور مرکزی رہنما راہل گاندھی نے کہا ہے کہ نفرت اور ظلم میں رام کا کبھی ظہور نہیں ہوتا۔

راہل گاندھی کا کہنا تھا کہ رام محبت ہے اور ان کا کبھی بھی نفرت میں ظہور نہیں ہوسکتا ہے۔

واضح رہے کہ ہندوستانی وزیر اعظم نریندر مودی نے کل ایودھیا میں متنازعہ رام جنم بھومی مندر کا سنگ بنیاد رکھ دیا۔

ہندستانی خبررساں ایجنسی یواین آئی کےمطابق اجودھیا میں مندر کی تعمیر کا رسمی طور سے آغاز کر دیا گیا ہے۔ اسکے لئے ہندوستان کے وزیر اعظم نریندر مودی نے ایودھیا پہونچ کر رام مندر کا سنگ بنیاد رکھا۔ اس موقع پر نریندر مودی نے سابق بابری مسجد کے مقام پر پوجا پاٹھ کیا اور بھگوان خدا اور دیگر دیوتاؤں کو پھول پیش کئے۔ رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ نریندر مودی اس موقع پر اندر اکیلے ہی تھے جبکہ اترپردیش کے وزیر اعلی آدتیہ ناتھ یوگی باہر کھڑے تھے۔

بتایا جا رہا ہے کہ بابری مسجد کے مقام پر تعمیر ہونے والا یہ رام مندر ساڑھے تین سال کے اندر مکمل کر لیا جائے گا۔

غیر ملکی ذرائع کے مطابق اس موقع پر عالمی وبا کورونا وائرس کے باعث بڑے ہجوم کو محدود کرنے کے باوجود ہندوؤں نے مندر کا سنگِ بنیاد رکھنے کا جشن منایا۔

دوسری جانب آل انڈیا مسلم پرنسل لا بورڈ نے ایک ٹوئٹ میں کہا کہ ناحق، جابرانہ، شرمناک اور اکثریت کو خوش کرنے والے فیصلے کے ذریعے زمین کے قبضے سے اس کی حیثیت تبدیل نہیں کی جا سکتی۔ ٹوئٹ میں مزید کہا گیا کہ دل چھوٹا کرنے کی ضرورت نہیں، حالات ہمیشہ یکساں نہیں رہتے۔

قابل ذکر ہے کہ ہندوستان کے مسلمان بابری مسجد سے متعلق گزشتہ برس کے فیصلے کو ہندو قوم پرست حکومت کے طریقہ کار کا حصہ قرار دیتے ہیں تاہم ہندوستانی حکومت اس الزام کو مسترد کرتی ہے۔

یاد رہے کہ چھے دسمبر انیس و بانوے میں مشتعل ہندو گروہ نے ایودھیا کی بابری مسجد کو شہید کردیا تھا جس کے بعد بدترین فسادات ہوئے اور کم از کم دو ہزار افراد کو اپنی جان سے ہاتھ دھونا پڑا۔ بعد ازآں ہندوستان کی ماتحت عدالت نے فیصلہ دیا تھا کہ دو اعشاریہ سات سات ایکڑ کی متنازع اراضی مسلمانوں اور ہندوؤں کے درمیان تقسیم ہوگی۔

 

دنیا بالخصوص عالم اسلام اور علاقے کی اہم خبروں کے لیے ہمارا واٹس ایپ گروپ جوائن کیجئے!

Whatsapp invitation link:10: https://chat.whatsapp.com/I1mQMKzFeYLJ75RCDasv4b

ٹیگس