ہندوستان فارسی زبان و ادب کی مستند تاریخ شائع کرے گا
قومی کونسل برائے فروغ اردو زبان کے ڈائریکٹر ڈاکٹر شیخ عقیل احمد نے کہا ہے کہ ہندوستان میں فارسی زبان و ادب کی مستند تاریخ شائع کی جائے گی۔
مقامی ذرائع کے مطابق فارسی زبان کی اہمیت، تاریخی حیثیت اور اس کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے ڈاکٹر شیخ عقیل احمد نے کہا کہ ہندوستان میں فارسی زبان و ادب کی مستحکم روایت رہی ہے اور اس زبان میں ہمارے ملک کی تاریخ و ادب کا ایک بڑا سرمایہ موجود ہے جس کی حفاظت ہم سب کی ذمہ داری ہے۔
انہوں نے فارسی زبان و ادب کے پینل کی آن لائن میٹنگ میں کہا کہ ایک زمانے میں ہندوستان کی سرکاری زبان، فارسی ہی تھی اور اسی زبان میں تمام علمی و سرکاری کام انجام پاتے تھے، اردو زبان و ادب پر بھی فارسی کے گہرے اثرات ہیں اس لیے اردو بولنے والوں کیلئے ضروری ہے کہ وہ نہ صرف فارسی ادب کی تاریخ سے واقف ہوں بلکہ بڑی حد تک اس زبان کے قواعد و رموز سے بھی آگاہی رکھتے ہوں۔
ڈاکٹر عقیل نے کہا کہ ہندوستان میں فارسی ادب کی اس گرانقدر تاریخ کو محفوظ کرنے کے مقصد سے کونسل کے زیر اہتمام چار جلدوں پر مشتمل ہندوستان میں فارسی زبان و ادب کی ایک جامع و مستند تاریخ مرتب کی جائے گی اور پروجیکٹ کا ابتدائی خاکہ بھی ہمارے پاس آچکا ہے۔
انہوں نے اس علمی و تحقیقی منصوبے کو جلد از جلد مکمل کرنے پر زور دیتے ہوئے پینل ممبران سے گزارش کی کہ سال بھر کے اندر اندر یہ کتاب کونسل کی طرف سے شائع کر دی جائے۔