چین نے ایئرانڈیا پر پابندی عائد کردی
دہلی سے ہانگ کانگ (Hong Kong) باقاعدہ پرواز بھرنے والی ایئر انڈیا پر چینی حکومت نے پابندی عائد کردی ہے۔
ہندوستانی میڈیا کے مطابق ہندوستان کی سرکاری ایوی ایشن کمپنی ایئر انڈیا (Air India) کو دو ہفتے کیلئے ہانگ کانگ میں اڑان بھرنے سے روک دیا گیا ہے جس کی وجہ سے پیر کو پرواز بھرنے والا ایئر انڈیا کا طیارہ ہانگ کانگ نہیں گیا۔ میڈیا رپورٹس میں بتایا جا رہا ہے کہ ہانگ کانگ سے دہلی اڑان بھرنے والی فلائٹ بھی دہلی نہیں آئی ہے۔
14 اگست کو آپریٹڈ ایئر انڈیا کی دہلی ہانگ کانگ فلائٹ میں کورونا وائرس کے 11 معاملے سامنے آئے جس کے بعد چینی حکومت نے ہانگ کانگ کیلئے ایئر انڈیا کی پروازوں پر پابندی لگا دی ۔
چینی حکومت کے اس اقدام نے ہندوستان میں پھنسے ہانگ کانگ کے ہزاروں مسافروں کو متاثر کیا ہے۔ مسافروں نے سوشل میڈیا پر ٹریول پلان ری شیڈیول کرنے کو کہا۔ ایک مسافر کے ٹویٹ کا جواب دیتے ہوئے ایئر انڈیا نے کہا کہ، ہانگ کانگ افسران کے ذریعے لگائی گئی پابندی کے سبب اے آئی 310/315 دہلی ۔ ہانگ کانگ ۔ دہلی کی 18 اگست 2020 کی فلائٹ ملتوی ہو گئی ہے۔