کشمیر میں مسلح تصادم، 4 جاں بحق
ہندوستان کے زیرانتظام کشمیر میں آج عسکریت پسندوں اور ہندوستانی فورسز کے مابین جھڑپیں ہوئیں۔
ہندوستان کے زیرانتظام کشمیر کے علاقے سری نگر کے بتہ مالو علاقے میں آج جمعرات کی علی الصبح شروع ہونے والے ایک مسلح تصادم میں اب تک ایک خاتون اور تین عسکریت پسند جاں بحق جبکہ ایک افسر سمیت سنٹرل ریزرو پولیس فورس کے دو اہلکار زخمی ہوگئے ہیں۔
تاہم سرکاری ذرائع نے دعوی کیا کہ بتہ مالو کے فردوس آباد میں عسکریت پسندوں کی موجودگی سے متعلق خفیہ اطلاع ملنے پر پولیس اور سی آر پی ایف نے جمعرات کی علی الصبح تین بجے مذکورہ علاقے کو محاصرے میں لیکر تلاشی آپریشن شروع کیا۔
انہوں نے کہا کہ مشتبہ جگہ کو محاصرے میں لینے کے بعد طرفین کے درمیان مسلح تصادم چھڑ گیا جو تا حال جاری ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ علاقے میں کسی بھی طرح کے احتجاجی مظاہروں کو روکنے کے لئے سکیورٹی فورسز کی بھاری نفری تعینات کر دی گئی ہے۔