ہندوستان، کورونا میں مبتلا ہونے کی نسبت صحت یاب ہونے والوں کی تعداد میں مسلسل اضافہ
Oct ۱۲, ۲۰۲۰ ۱۰:۴۴ Asia/Tehran
ہندوستان میں بظاہر کورونا کا زور ٹوٹتا دکھائی دے رہا ہے اور مبتلا ہونے والے افراد کی نسبت صحت یاب ہونے والوں کی تعداد بڑھ رہی ہے۔
ہندوستانی میڈیا نے تازہ ترین سرکاری اعداد و شمار کا حوالہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ ملک میں کورونا سے مزید 816 افراد کے ہلاک ہونے سے اس ملک میں ہلاکتیں ایک لاکھ 9 ہزار 150 ہو گئیں۔
ہندوستان میں مزید 66 ہزار 632 افراد کے کورونا میں مبتلا ہونے سے مجموعی طور پر متاثر ہونے والے افراد کی تعداد بڑھ کر 71 لاکھ 20 ہزار 538 ہو گئی جبکہ کورونا سے صحت یاب ہونے کا سلسلہ بھی جاری ہے اور 24 گھنٹوں میں 71 ہزار 559 افراد کے صحت یاب ہونے سے صحت یاب ہونے والوں کی مجموعی تعداد 61 لاکھ 54 ہزار 535 ہو گئی ہے۔
اس وقت ہندوستان میں کورونا کے فعال معاملات کی شرح 12.85، بیماری سے نجات پانے والوں کا فی صد 85.81 اور اموات کی شرح 1.54 فیصد ہے۔