محبوبہ مفتی کے گھر پر گپکار الائنس کا اجلاس
ہندوستان کے زیرانتظام جموں کشمیر کی ہند نواز جماعتوں کے رہنماؤں نے ہفتے کو سابق وزیراعلی محبوبہ مفتی کے گھر پر گپکار اجلاس منعقد کیا۔
ہندوستانی میڈیا کے مطابق گپکار ڈکلریشن کے بعد ہندنواز جماعتوں کے رہنماؤں کا یہ تیسرا اجلاس تھا۔
اجلاس میں سابق وزیراعلی اور نیشنل کانفرنس کے سربراہ فاروق عبداللہ نے کہا کہ ہم بھارتیہ جنتا پارٹی کے مخالف ہیں اور اس کا مطلب یہ نہیں ہے کہ ہم ملک کے مخالف ہیں ۔ فاروق عبداللہ نے کہا کہ بھارتیہ جنتا پارٹی ملک اور آئین کو نقصان پہنچارہی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ جو لوگ یہ پروپیگنڈہ کررہے ہیں کہ گپکار اعلامیہ ملک مخالف ہے وہ غلط ہیں۔
فاروق عبداللہ نے جو اس وقت لوک سبھا کے ممبربھی ہیں کہا کہ ہم چاہتے ہیں کہ جموں کشمیر کے لوگوں کا حق انہیں واپس دیا جائے- فاروق عبداللہ نے کہا کہ جب ہم دفعہ تین سو ستر کی بحالی کی بات کرتے ہیں تو ہم جموں اور لداخ کی بھی علاقائی خود مختاری کی بات کرتے ہیں-
اجلاس کی تفصیلات بتاتے ہوئے ایک اور ہند نواز لیڈر سجاد لون نے کہا کہ پیپلز الائنس فار گپکار ڈکلریشن کے صدر فاروق عبداللہ ہوں گے جبکہ محبوبہ مفتی نائب صدر ہوں گی۔ سجاد لون کا کہنا تھا کہ اس الائنس کا اگلا اجلاس دوہفتے میں جموں میں ہوگا جس کے بعد ہمارا کنونشن ہوگا ۔