بی جے پی حکومت نے دنیا کی سب سے بڑی جمہوریت کو خطرے میں ڈال دیا: سونیا گاندھی
ہندوستان کی کانگریس پارٹی کی صدر سونیا گاندھی نے مرکز کی بے جی پی حکومت پر جمہوری بنیادوں کو ختم کرنے کا الزام عائد کیا ہے۔
کانگریس کی صدر نے پیر کو بھارتیہ جنتا پارٹی (بے جی پی) کی حکومت پر سخت حملہ کرتے ہوئے کہا کہ مودی حکومت مختلف تنظیموں کے ذریعے مخالفین کی آواز دبانے کا کام کر رہی ہے۔
سونیا گاندھی نے ایک انگریزی روزنامے میں شائع ہونے والے مضمون میں لکھا ہے کہ نریندر مودی کی قیادت میں مرکزی حکومت جمہوریت کے ستونوں پر حملے کر کے انہیں منہدم کرنے میں لگی ہوئی ہے۔ انھوں نے لکھا ہے کہ بی جے پی مرکزی حکومت مختلف تنظیموں سے اپوزیشن پر حملے کے لئے کام لے رہی ہے۔
سونیا گاندھی نے اپنے اس مضمون میں لکھا ہے کہ مودی حکومت کی غلط پالیسیوں کی وجہ سے دنیا کی سب سے بڑی جمہوریت خطرے میں پڑ گئی ہے۔ انہوں نے لکھا ہے کہ جمہوری تنظیموں کا غلط استعمال کرکے ان کے ذریعے مخالفین پر حملے کئے جارہے ہیں اور اظہار رائے کی آزادی سلب کی جا رہی ہے۔
ان کا کہنا ہے کہ بی جے پی حکومت نے پورے نظام کو برباد کر دیا ہے اور تفتیشی ایجنسیوں کا استعمال اپوزیشن کو ڈرانے اور دھمکا نے کے لئے کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے اپنے مضمون میں لکھا ہے کہ ملک کی سی بی آئی اور آئی این اے جیسی تفتیشی ایجنسیاں وزیر اعظم اور وزیر داخلہ کے اشاروں پر کام کر رہی ہیں۔