دارالحکومت دہلی میں فضائی آلودگی کی صورت حال
ہندوستانی دارالحکومت، نئی دہلی کورونا کے ساتھ ہی خطرناک فضائی آلودگی کی لپیٹ میں بھی آگیا ہے۔
ہندوستانی میڈیا ذرائع کے مطابق دہلی میں فضائی آلودگی کی سطح بہت خراب زمرے سے بھی آگے بڑھ کے خطرناک حدتک شدید زمرے میں پہنچ گئی ہے۔ اس رپورٹ کے مطابق دہلی میں فضائی آلودگی ، ہوا کے معیاری انڈیکس اے کیو آئی کی سطح چار سو کو پار کرگئی ہے جو سب سے زیادہ خراب سطح مانی جاتی ہے۔
دہلی کی آلودگی کنٹرول کمیٹی کی جانب سے جمعرات کو جاری ہونے والی رپورٹ کے مطابق دہلی کے مختلف علاقوں میں فضائی آلودگی کی سطح چار سو ایک سے چار سو بیس تک ریکارڈ کی گئی ہے ۔
اس رپورٹ کے مطابق لودھی روڈ کے علاقے میں فضائی آلودگی کی سطح تین سو گیارہ، آر کے پورم میں تین سو چھہتر، آئی ٹی او میں تین سو چوراسی اور پنجابی باغ میں تین سو ستاسی ریکارڈ کی گئی جو بہت ہی خراب زمرے میں آتی ہے۔
قابل ذکر ہے کہ دہلی کی ریاستی حکومت نے کورونا وائرس کے ساتھ ہی فضائی آلودگی خطرناک حد تک بڑھ جانے کے پیش نظر اعلان کیا ہے کہ ریاست کے سبھی اسکول اکتیس اکتوبر تک بند رہیں گے۔