Nov ۱۱, ۲۰۲۰ ۱۸:۵۸ Asia/Tehran
  • ملک کو سب سے زیادہ نقصان بی جے پی نے پہونچایا: کشمیری رہنما

ہندوستان کے زیر انتظام کشمیر کے سابق وزیر اعلی اور نیشنل کانفرنس کے صدر نے کہا ہے کہ کشمیری عوام کو پاکستانی قرار دینا بھارتیہ جنتال پارٹی کا پرانا ہتھکنڈہ ہے۔

ہند نواز سیاسی جماعت نیشنل کانفرنس کے صدر اور سابق وزیر اعلی ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے جموں میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بی جے پی نے ملک کو بہت پیچھے دھکیل دیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ بی جے پی کشمیری عوام کو ڈرانے اور انہیں اپنے ساتھ جوڑنے کے لئے کہتی رہتی ہے کہ کشمیر کے لوگ پاکستانی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ بی جے پی کے رہنماؤں کا بہت پرانا حربہ ہے کہ وہ صرف اپنے آپ کو ہندوستانی کہتے ہیں۔

نیشنل کانفرنس کے صدر نے کہا کہ ہندوستان کو سب سے زیادہ دھچکا اگر کسی جماعت نے پہنچایا ہے تو وہ بھارتیہ جنتا پارٹی ہے۔ انہوں نے کہا کہ مین اسٹریم کے لیڈروں اور ہند نواز سیاسی رہنماؤں کو جیل میں بند کرنا بی جے پی حکومت کی کمزوری ہے۔

ڈاکٹر فاروق عبداللہ کا کہنا تھا کہ صرف جموں و کشمیر میں ہی نہیں بلکہ پورے ملک میں جو بھی بی جے پی کے خلاف کچھ بولتا ہے اس پر پاکستانی اور ملک دشمن ہونے کا لیبل لگا دیا جاتا ہے لیکن سوال یہ ہے کہ کیا بی جے پی والے نیشنلسٹ ہیں؟

ٹیگس