Nov ۲۸, ۲۰۲۰ ۱۱:۲۸ Asia/Tehran
  • کسانوں کی ریلی پر طاقت کے استعمال کی مذمت

کانگریس کے سابق صدر راہل گاندھی اور جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی نے کسانوں کو دہلی آنے سے روکنے کے لئے فوج کے استعمال پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ حکومت نے ’جئے جوان جئے کسان‘ نعرہ کی دھجیاں اڑاتے ہوئے ملک کے کسانوں اورفوجی اہلکاروں کو آمنے سامنے کردیا ہے۔

راہل گاندھی نے دہلی جانے پرمصر ایک کسان کی فوجی اہلکار کے ہاتھوں پٹائی کی تصویر ٹوئٹ کرتے ہوئے کہا کہ کسان کے خلاف کھڑے فوجی کی یہ تصویر انتہائی افسوسناک ہے۔

راہل گاندھی نے ٹوئٹ کیا ’’انتہائی افسوسناک تصویر۔ ہمارا نعرہ تو’جئے جوان جئے کسان‘ تھا لیکن آج وزیر اعظم مودی کے گھمنڈ نے جوان کو کسان کے خلاف کھڑا کردیا۔ یہ بہت خطرناک ہے۔ ‘‘

پرینکا گاندھی نے بھی کہا ہے کہ بی جے پی حکومت میں ملک کا نظام دیکھیں۔ جب بی جے پی کے کھرپ پتی دوست دہلی آتے ہیں تو ان کیلئے سرخ قالین بچھایا جاتا ہے۔ لیکن کسانوں کے دہلی آنے کا راستہ روکا جاتاہے ۔

در ایں اثناء مرکزی حکومت کے نافذ کردہ زرعی قوانین کے خلاف احتجاج کر رہے کسان آج صبح سنگھو بارڈر پر جمع ہوئے اور میٹنگ کی جس میں انہوں نے احتجاج کے لئے شمالی دہلی میں جگہ متعین کرنے کے باوجود سرحد پر ہی احتجاجی مظاہرہ جاری رکھنے کا فیصلہ کیا جبکہ ٹکری بارڈر پر موجود کسانوں کا بھی احتجاج جاری ہے۔

ٹیگس