Jan ۱۳, ۲۰۲۱ ۲۱:۰۰ Asia/Tehran
  • کسانوں نے سپریم کورٹ کی بنائی کمیٹی کو بھی مسترد کر دیا

ہندوستان میں زرعی قوانین کے خلاف کسانوں کا احتجاج اور تحریک بدستور جاری ہے اور انہوں نے سپریم کورٹ کے ذریعے تشکیل دی گئی کمیٹی کے پاس جانے سے بھی انکار کر دیا ہے۔

ہندوستانی میڈیا کے مطابق کسان رہنماؤں نے یہ کہہ کر سپریم کورٹ کے ذریعے بنائی گئی کمیٹی کے پاس جانے سے انکار کردیا ہے کہ اس میں زیادہ تر ممبران وہی ہیں جو نئے زرعی قوانین کی حمایت کرتے ہیں-

دہلی کی سرحدوں پر گزشتہ انچاس روز سے کسانوں کا احتجاج جاری ہے اور اس عرصے میں ٹھنڈک اور شدید سردی اور اسی طرح خودکشی کے اقدام میں دسیوں کسان اپنی جان سے ہاتھ دھو چکے ہیں۔

اس درمیان کسان رہنماؤں نے کہا کہ وہ چھبیس جنوری یوم جمہوریہ کے موقع پر پورے ملک میں ٹریکٹر ریلی نکالیں گے اور ملک کا جھنڈا لہرائیں گے- کسان رہنما راکیش ٹیکیٹ نے بھارتیہ جنتا پارٹی کے لیڈروں کے اس الزام پر سخت برہمی کا اظہار کیا کہ کسانوں کی تحریک میں خالصتانی اور دیگر ملکوں کے عناصر شامل ہیں۔

انہوں نے سوال کیا کہ کیا ملک کی خفیہ ایجنسی اتنی کمزور ہے کہ وہ اپنے اور پرائے کی شناخت نہ کر سکے- راکیش ٹیکیٹ کا کہنا تھا کہ چھبیس جنوری کو کسان ملک کا جھنڈا لے کر ٹریکٹر ریلی نکالیں گے تو معلوم ہوجائے گا کہ اصلی محب وطن کون ہے؟

ٹیگس