Jan ۱۹, ۲۰۲۱ ۱۶:۳۳ Asia/Tehran
  • ہندوستان میں کورونا سے یومیہ متاثرین میں نمایاں کمی

ہندوستان میں کورونا سے یومیہ متاثرین میں نمایاں کمی آئی ہے جبکہ پونے چار لاکھ سے زائد لوگوں کو ٹیکہ لگایا جاچکا ہے۔

دہلی سے موصولہ رپورٹ کے مطابق ہندوستانی وزرات صحت نے منگل کو اعلان کیا ہے کہ اب تک ترجیحی بنیاد پر تین لاکھ اکیاسی ہزار لوگوں کو ٹیکے لگائے جاچکے ہیں۔ رپورٹ کے مطابق ہندوستان میں کورونا کا ٹیکہ لگنے کے بعد اب تک پانچ سو اسّی لوگوں میں شدید ری ایکشن دیکھاگیا جبکہ دو افراد کی موت واقع ہوچکی ہے۔

یاد رہے کہ ہندوستان میں سولہ جنوری سے کورونا کا ٹیکہ لگانے کی مہم کا آغاز ہوگیا ہے۔ہندوستان میں گزشتہ چوبیس گھنٹے میں کورونا کے دس ہزار چونسٹھ نئے مریضوں کا اندراج ہوا ہے جس کے بعد کورونا سے متاثرین کی تعداد ایک کروڑ پانچ لاکھ اکیاسی ہزار ہوگئی۔ اس رپورٹ کے مطابق ہندوستان میں گزشتہ چوبیس گھنٹے میں کورونا کے سترہ ہزار چارسوگیارہ مریض شفایاب ہوئے جس کے بعد اس ملک میں کورونا کو شکست دینے والوں کی تعداد ایک کروڑ دو لاکھ اٹھائیس ہزار سات سو ترپن ہوگئی ہے۔اس دوران ہندوستان میں مزید ایک سو پنتیس کورونا کی مریض جان کی بازی ہار گئے جس کے بعد کورونا سے مرنے والوں کی تعداد ایک لاکھ باون ہزار پانچ سو چھپن ہوگئی ہے۔ ہندوستان میں کورونا کے زیر علاج مریضون کی تعداد دو لاکھ سے کم ہوگئی ہے۔

 

ٹیگس