Jan ۲۷, ۲۰۲۱ ۰۹:۵۳ Asia/Tehran
  • دہلی میں پرتشدد واقعات میں 153 پولیس اہلکار زخمی، جھنڈا لہرانے پر اعلی سطحی اجلاس

ہندوستان کے دارالحکومت دہلی کی سڑکوں پر منگل کو نکالی گئی کسانوں کی ٹریکٹر ریلی کے دوران تشدد کی وجہ سے انارکی جیسے حالات پیدا ہوگئے ۔

پولیس نے کل ہونے والے پرتشدد واقعات کو لے کر اب تک 13 ایف آئی آر درج کی ہیں ۔ جبکہ پرتشدد واقعات کے دوران 153 پولیس اہلکاروں کے زخمی ہونے کی خبر ہے ۔ پولیس کے مطابق مظاہرین نے ڈی ٹی سی کی 8 بسوں ، 17 پبلک وہیکل ، چار کنٹینر ، 300 سے زیادہ لوہے کے بیریکیڈس توڑ ڈالے ۔

مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ نے مشتعل کسانوں اور پولیس کے درمیان جھڑپوں کے بعد ایک اعلی سطحی اجلاس میں صورتحال کا جائزہ لیا اور دارالحکومت میں اضافی نیم فوجی دستوں کی تعیناتی کا حکم دیا۔

واضح رہے کہ کل ہندوستان کے یوم جمہوریہ کے موقع پرکسانوں کی ٹریکٹر ریلی کے دوران مکربا چوک، ٹرانسپورٹ نگر، آئی ٹی او اوراکشردھام سمیت دیگرمقامات پر ہوئے تصادم کے درمیان کسانوں کا ایک جتھا لال قلعہ احاطے میں پہنچ کر کسانوں کا جھنڈا لہرادیا۔ 15 اگست کو جس مقام پر جھنڈا لہرایا جاتا ہے اس کے پاس ہی کسانوں نے اپنا پرچم لگادیا۔

زرعی قانون کے خلاف گزشتہ 2 مہینوں سے کسانوں کی تحریک جاری ہے۔ اور پولیس افسروں اور کسانوں کے درمیان کئی مرحلوں کی بات چیت کے بعد 26 جنوری کو ٹریکٹر ریلی کو اجازت دی گئی تھی۔

ٹیگس