زرعی قوانین کے خلاف کسانوں کا دھرنا جاری، مظفرنگر میں بڑے اجتماع کی کال
ہندوستان میں کسانوں کی تحریک اور دہلی کی مختلف سرحدوں پر ان کا دھرنا بدستور جاری ہے جبکہ یوپی کے ضلع مظفر نگر میں کسانوں کی مہا پنچائت ہو رہی ہے۔
دہلی کی غازی پور سرحد پر کسانوں کا دھرنا جاری ہے۔ رپورٹوں میں بتایا گیا ہے کہ بہت بڑی تعداد میں یوپی اور دیگر ریاستوں کے ہزاروں کسان ٹریکٹر ٹرالیوں میں بیٹھ کے غازی پور پہنچنا شروع ہو گئے ہیں۔
قابل ذکر ہے کہ بھارتی کسان یونین کے رہنما راکیش ٹکیت نے جمعرات کی شب آنسو بھری آنکھوں کے ساتھ اعلان کیا تھا کہ وہ اس وقت تک پانی نہیں پیئں گے جب تک ان کے لئے ان کے گاؤں کا پانی نہیں آجاتا۔ ان کے اس اعلان کے بعد یوپی، ہریانہ اور پنجاب کے گاؤں سے ہزاروں کی تعداد میں کسان پانی لے کے غازیپور سرحد کی جانب روانہ ہو گئے تھے اور جمعے کی صبح سے ہی غازیپور سرحد پر کسانوں کی تعداد بڑھنے لگی۔
ایک اور رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ دہلی کے نائب وزیر اعلیٰ عام آدمی پارٹی کے کارکنوں کی بڑی تعداد کے ساتھ دہلی کی غازی پور سرحد پر پہنچ گئے ہیں۔ رپورٹوں کے مطابق ٹیکری سرحد پر بھی جمعے کی صبح سے کسانوں کی تعداد میں ایک بار پھر اضافہ ہو گیا ہے۔
دوسری جانب ریاست اتر پردیش کے شہر مظفر نگر میں کسانوں کی مہا پنچائت ہو رہی ہے جس میں شرکت کے لئے بہت بڑی تعداد میں کسانں اپنے ٹریکٹروں کے ساتھ پہنچنا شروع ہو گئے ہیں۔