Feb ۰۵, ۲۰۲۱ ۱۹:۲۱ Asia/Tehran
  • چابہار بندرگاہ کی توسیع کے لئے ہندوستان نے ایک ارب کا بجٹ مختص کیا

ہندوستان کی حکومت نے ایران کے ساتھ تعاون اور سمجھوتے کی بنیاد پر چابہار بندرگاہ کی توسیع کے لئے ایک کروڑ، چھتیس لاکھ اٹھانوے ہزار ڈالر کا بجٹ مخصوص کیا ہے۔

ارنا کی رپورٹ کے مطابق ہندوستان کی وزیر خزانہ نرملا سیتا رمن نے ایران کی چابہار بندرگاہ میں اپنے ملک کی سرمایہ کاری پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ ہندوستان کی حکومت نے اس سلسلے میں مالی سال دو ہزار اکیس اور بائیس کے بجٹ میں ایک ارب ہندوستانی روپے یعنی ایک کروڑ، چھتیس لاکھ اٹھانوے ہزار ڈالر کا بجٹ مخصوص کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہندوستان، چابہار زاہدان ریلوے لائن کے توسیعی منصوبے میں بھی ایران کے ساتھ تعاون جاری رکھے گا۔ اس سے قبل کے مالی سال کے بجٹ میں ہندوستان کی حکومت نے چابہار بندرگاہ کی توسیع کے لئے پینتالیس کروڑ روپے کا بجٹ مخصوص کیا تھا۔

دو ہزار سولہ میں ایران، ہندوستان اور افغانستان نے شمال جنوب کوریڈور کے قیام کے لئے ایک سہ فریقی معاہدے پر دستخط کئے تھے جس میں ہندوستان کی جانب سے ایران کی چابہار بندرگاہ کی توسیع میں سرمایہ کاری شامل ہے۔

ہندوستان کی حکومت نے اس سہ فریقی سمجھوتے کے تحت ایران کی چابہار بندرگاہ میں پچاس کروڑ ڈالر کی سرمایہ کاری جبکہ سڑکیں اور ریلوے لائن بچھانے کے شعبے میں ڈیڑھ ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کرنے کا وعدہ کیا ہے۔

اس سہ فریقی پروجیکٹ کی تکمیل، ان تینوں ملکوں میں اقتصادی بندھن مضبوط مستحکم ہونے کے علاوہ ایران، ہندوستان اور افغانستان کے درمیان سیاسی و سیکورٹی تعلقات کے زیادہ سے زیادہ فروغ پانے کا بھی باعث بنے گی۔

ٹیگس