Feb ۱۴, ۲۰۲۱ ۱۸:۲۰ Asia/Tehran
  • فاروق عبداللہ اور عمر عبداللہ نظربند

ہندوستان کے زیرانتظام جموں کشمیر کے سابق وزرائے اعلی اور نیشنل کانفرنس کے رہنماؤں فاروق عبداللہ اور عمرعبداللہ کو ان کے گھر میں نظر بند کردیا گیا ہے۔

ہندوستانی میڈیا کے مطابق ہندوستان کے زیرانتظام جموں کشمیر کے سابق وزرائے اعلی ڈاکٹر فاروق عبداللہ اور ان کے بیٹے عمر عبداللہ کو سری نگر میں گھروالوں کے ہمراہ نظر بند کردیا گیا ہے - اس نظر بندی کی اطلاع خود عمر عبداللہ نے ایک ٹوئیٹ کے ذریعے دی -

اس سے پہلے سنیچر کو پی ڈی پی کی سربراہ محبوبہ مفتی کو بھی ان کے گھر میں نظر بند کردیا گیا تھا - عمر عبداللہ نے اپنے ٹوئیٹر پیج پر اپنے گھر کے باہر پولیس کی گاڑیوں کو بھی دکھایا ہے جو ان کے گھر کی پہرہ داری کررہی ہیں - عمر عبداللہ نے اپنے ٹوئیٹ میں کہا ہے کہ حکام نے انہیں اپنے خاندان بشمول والد ڈاکٹر فاروق عبداللہ کے ہمراہ اتوار کے روز گھر میں نظر بند کردیا ہے- عمرعبداللہ نے حکام پر الزام لگایا کہ ان کے گھر میں کام کرنے والے اسٹاف کو بھی گھر کے اندر داخل ہونے کی اجازت نہیں دی گئی - عمر عبداللہ نے اپنے ٹوئیٹ میں کہا ہے کہ یہ اگست دوہزار انیس کے بعد نیا جموں کشمیر ہے جہاں ہم اپنے گھر میں کسی وضاحت کے بغیر بند ہیں-

خبروں میں کہا گیا ہے کہ عمرعبداللہ اتوار کو گلمرگ جانے والے تھے اور ان کے والد گاندر بل کا دورہ کرنے والے تھے جبکہ سیکورٹی حکام کا کہنا ہے کہ ان رہنماؤں کو پلوامہ حملے کی برسی کے پیش نظر گھر میں نظر بندکیا گیا ہے۔

ٹیگس