Feb ۱۷, ۲۰۲۱ ۱۷:۰۰ Asia/Tehran
  • غیر ملکی سفارتکاروں کے چوتھے وفد کا دورہ سری نگر

بائیس ممالک سے تعلق رکھنے والے سفارتکاروں کا ایک اعلیٰ سطحی وفد جموں و کشمیر کے دو روزہ دورے پر بدھ کی صبح سری نگر پہنچا ہے۔

رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ یہ وفد جموں و کشمیر میں خصوصی حیثیت کے خاتمے کے بعد آنے والی تبدیلیوں کا جائزہ لینے کے علاوہ سرکاری سطح پر منتخب سیاسی و سول سوساٹئی وفود، تاجروں، صحافیوں، بی ڈی سی، ڈی ڈی سی اور ایس ایم سی اراکین کے ساتھ ملاقات کرے گا۔
اس وفد کا سری نگر کے بین الاقوامی ہوائی اڈے پر خیر مقدم کیا گیا جس کے بعد انہیں ضلع بڈگام لے جایا گیا جہاں انھوں نے پنچایتی اراکین سے ملاقات کی۔
ہندوستان کی حکومت کی جانب سے جموں و کشمیر کو، دفعہ تین سو ستر اور دفعہ پینتیس اے، کے تحت حاصل خصوصی اختیارات کی تنسیخ اور اس ریاست کو دو وفاقی حصوں میں تقسیم کئے جانے کے پانچ اگست دو ہزار انیس کے فیصلوں کے بعد، یہ کسی غیر ملکی وفد کا چوتھا دورہ کشمیر ہے۔
قبل ازیں تئیس ارکان پر مشتمل پہلا یورپی وفد گذشتہ سال انتیس اکتوبر کو وادی کے زمینی حالات کا جائزہ لینے کے لئے سری نگر پہنچا تھا، پندرہ غیر ملکی سفارتکاروں پر مشتمل دوسرا وفد رواں سال نو جنوری کو اور محض ایک ماہ بعد بارہ فروری کو پچیس غیر ملکی سفارتکاروں پر مشتمل تیسرا وفد، جموں و کشمیر کے دورے پر پہنچا تھا۔
غیر ملکی سفارتکاروں کے اس وفد کا یہ دورہ، ایسے وقت انجام پا رہا ہے جب بیشتر علیحدگی پسند رہنما پچھلے قریب دو سال سے لگاتار گھر میں نظر بند ہیں جبکہ کئی اہم لیڈران کو بھی مختلف سکیورٹی ایجنسیوں نے بند کر رکھا ہے۔

 

ٹیگس