Mar ۰۳, ۲۰۲۱ ۲۱:۰۱ Asia/Tehran
  • ہندوستان میں کورونا کے مریضوں میں اضافہ جاری

ہندوستان میں کورونا کے زیر علاج مریضوں میں ایک بار پھر اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔

نئ دہلی سے موصولہ رپورٹ کے مطابق ہندوستان کی وزارت صحت نے بدھ کو بتایا ہے کہ گزشتہ چوبیس گھنٹے میں کورونا کے چودہ ہزار نو سو اٹھانوے نئے مریضوں کا اندراج کیا گیا ۔

اس رپورٹ کےمطابق کورونا کے سب سے زیادہ نئے مریضوں کا اندراج ریاست مہاراشٹر میں کیا گیا جس کے بعد اس ریاست میں کورونا کے زیر علاج مریضوں کی تعداد بڑھ کے اسّی ہزار تین سو دو ہوگئی ہے۔

اس دوران ریاست کیرالا میں زیرعلاج مریضوں میں پانچ سو نوے کی کمی ریکارڈ کی گئی۔

ہندوستانی وزارت صحت کے مطابق نئے اضافے کے بعد ہندوستان میں کورونا سے متاثرین کی مجموعی تعداد ایک کروڑ گیارہ لاکھ انتالیس ہزار سے زیادہ ہوگئی ہے۔

اس رپورٹ کے مطابق گزشتہ چوبیس گھنٹوں میں ملک کے مختلف علاقوں میں مزید تیرہ ہزار ایک سو تیئس افراد کورونا سے صحت یاب ہوئے جس کے بعد ہندوستان میں کورونا کو شکست دینے والوں کی تعداد ایک کروڑ آٹھ لاکھ بارہ ہزار چوالیس ہوچکی ہے۔

ہندووستان میں گزشتہ چوبیس گھنٹوں میں مزید اٹھانوے اموات کے بعد کورونا سے مرنے والوں کی تعداد ایک لاکھ ستاون ہزار تین سو چھیالیس ہوچکی ہے۔ جبکہ ملک میں کورونا کے زیر علاج مریضوں کی تعداد ایک لاکھ ستر ہزار بتائی جاتی ہے۔

ہندوستان میں کورونا سے شفایابی کی شرح ستانوے اعشاریہ صفر چھے فیصد، زیر علاج مریضوں کی شرح ایک اعشاریہ پانچ دو فیصد اور اموات کی شرح ایک اعشاریہ چار ایک فیصد ہے۔

 

ٹیگس